کراچی میں ہزارہ کلچر ڈے: قائد آباد سے سی ویو تک پُرامن ریلی

کراچی میں ہزارہ کلچر ڈے کے موقع پر نوجوان قیادت سید عمران شاہ اور وجاہت علی ربانی کی سربراہی میں ایک پُرامن ثقافتی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز قائد آباد سے ہوا جو شارع فیصل سے ہوتی ہوئی سی ویو پر اختتام پذیر ہوئی۔
شرکاء نے روایتی لباس زیب تن کر رکھا تھا اور ہزارہ ثقافت سے وابستہ بینرز اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ ریلی میں نوجوانوں، بزرگوں اور خاندانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ ہزارہ کلچر ڈے صرف ایک دن کی تقریب نہیں بلکہ یہ ہزارہ قوم کی پہچان، تاریخ اور جدوجہد کی علامت ہے۔ یہ دن سکھوں اور برطانوی استعمار کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی یاد بھی دلاتا ہے۔
تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہزارہ ثقافت محبت، بھائی چارے، محنت اور امن کا پیغام دیتی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہزارہ قوم کی اپنی زبان، تہذیب اور مضبوط شناخت ہے جس پر فخر کیا جانا چاہیے۔

اس موقع پر وجاہت علی ربانی نے کہا کہ وہ اپنی قوم خصوصاً نوجوانوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بھرپور شرکت کر کے پروگرام کو کامیاب بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلی کا مقصد صرف اور صرف اپنی شناخت اور ثقافت کو فروغ دینا تھا۔
سید عمران شاہ نے بھی کراچی میں مقیم ہزارہ برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ کلچر ڈے کے موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت نے شہر کو ایک مثبت پیغام دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ریلی نے ثابت کیا کہ کراچی میں بسنے والے ہزارہ افراد متحد، پُرامن اور اپنی ثقافتی اقدار سے جڑے ہوئے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












