کراچی: انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بڑا کارنامہ، دہشتگردی کے خطرناک منصوبے کا انکشاف

کراچی: انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بڑا کارنامہ، دہشتگردی کے خطرناک منصوبے کا انکشاف
کراچی میں انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران دہشتگردی کے ایک انتہائی خطرناک منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردی کے خطرناک منصوبے کا انکشاف ہوا ہے اور بروقت کارروائی کے ذریعے شہر کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔ ہم انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشکور ہیں جن کی معلومات پر یہ کامیاب کارروائی ممکن ہوئی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پریمیئر انٹیلی جنس کی اطلاع پر کراچی سے تقریباً 40 کلومیٹر دور ایک خفیہ مقام پر چھاپہ مارا گیا، جہاں دہشتگرد بارودی مواد تیار کر رہے تھے۔ چھاپے کے دوران ایک دہشتگرد گرفتار کیا گیا جبکہ 3 سے 4 دہشت گرد فرار ہو گئے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران 2 ہزار کلوگرام سے زائد بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ یہ بارودی مواد بلوچستان کے پہاڑی راستوں کے ذریعے کراچی لایا گیا تھا اور دہشتگردوں کا منصوبہ کراچی میں سویلین اہداف کو نشانہ بنانا تھا۔
غلام اظفر مہیسر نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر کراچی کے 6 مختلف مقامات پر مزید چھاپے مارے گئے، جن کے دوران مزید 2 دہشتگرد گرفتار کیے گئے۔ گرفتار دہشتگردوں کی شناخت جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے مجید بریگیڈ (فتنہ الہندوستان) سے ہے۔ دہشتگردی کی تمام منصوبہ بندی بیرون ملک سے کی گئی جبکہ سہولت کاروں اور ہینڈلرز کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔
غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ دہشتگرد نیٹ ورک میں ملوث تمام عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور شہر کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









