کراچی: گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا، 6 افراد جاں بحق؛ اربوں روپے کے نقصان کا بھی خدشہ

کراچی: گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا، 5 افراد جاں بحق؛ اربوں روپے کے نقصان کا بھی خدشہ
کراچی کے مصروف تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی شدید آگ نے خوفناک صورتحال اختیار کرلی، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ ہفتے کی رات تقریباً سوا دس بجے گراؤنڈ فلور پر بھڑکی، جو تیزی سے عمارت کی بالائی منزلوں تک پھیل گئی۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ پلازہ کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، جس سے ریسکیو آپریشن مزید مشکل بن گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں چار کی شناخت فراز، کاشف، عامر اور شہروز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 20 فائر ٹینڈرز اور 4 اسنارکلز استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ پانی اور فوم کے ذریعے شعلوں کو بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
آتشزدگی کے باعث گراؤنڈ فلور پر قائم تمام دکانیں مکمل طور پر جل گئیں۔ شدید گرمی اور دھوئیں کے باعث فائر فائٹرز کو عمارت کے اندر داخل ہونے میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔ گل پلازہ میں مجموعی طور پر 1200 سے زائد دکانیں قائم ہیں۔
ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عمارت میں اب بھی کئی افراد پھنسے ہوسکتے ہیں، تاہم حتمی تعداد بتانا ممکن نہیں۔ چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ کے دوران زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد شعلے مزید پھیل گئے۔ ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ گیس لیکج بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کی سیڑھیاں ٹوٹنے سے دو اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوچکے ہیں اور پرانی تعمیر ہونے کے باعث پلازہ کے مزید حصے گرنے کا خطرہ موجود ہے۔
گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن کے صدر تنویر پاستا نے بتایا کہ تمام خریدار کسی نہ کسی طرح عمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم تاجروں کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاحال وزیراعلیٰ سندھ یا میئر کراچی کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، صرف گورنر سندھ نے موقع کا دورہ کیا۔
متاثرہ افراد کے مطابق بعض لوگوں نے مسجد کا دروازہ توڑ کر جان بچائی، جبکہ کچھ افراد آکسیجن کی کمی کے باعث بے ہوش ہوگئے۔ کئی افراد نے جان بچانے کے لیے برابر والی عمارت پر چھلانگ بھی لگائی۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو ہدایت دی ہے کہ آگ بجھانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات اور آئندہ ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ امدادی اداروں کو مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ آگ پر جلد از جلد مکمل قابو پالیا جائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











