ویڈیو: گل پلازہ میں آگ لگنے کے ابتدائی اندرونی مناظر سامنے آ گئے

ویڈیو: گل پلازہ میں آگ لگنے کے ابتدائی اندرونی مناظر سامنے آ گئے
کراچی کی ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں ہفتے کی رات لگنے والی آگ کے ابتدائی اندرونی مناظر سامنے آ گئے ہیں، جن میں آگ لگنے کے بعد کی افراتفری دیکھی جا سکتی ہے۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ بھڑکنے کے بعد پلازہ کے اندر موجود افراد شدید خوف اور پریشانی کے عالم میں باہر نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ تمام لوگ اپنا سامان چھوڑ کر فوری طور پر باہر کی جانب نکلیں کیونکہ اوپر کی منزلوں پر آگ کی شدت بہت زیادہ ہے۔
حکام کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں اب تک 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ واقعے کے بعد اب بھی 73 افراد لاپتا ہیں۔
سندھ حکومت کی ہیلپ ڈیسک کے مطابق لاپتا افراد کی فہرست میں کئی خواتین بھی شامل ہیں، جب کہ متاثرہ خاندانوں کی جانب سے اپنے پیاروں کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں آگ پر تقریباً قابو پا لیا گیا ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے، جب کہ ریسکیو اہلکار لاپتا افراد کی تلاش کا کام بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو ایک، ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








