کراچی: گل پلازہ آتشزدگی، 33 گھنٹے بعد آگ پر مکمل قابو، 14 افراد جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری

کراچی کے علاقے صدر میں واقع گل پلازہ میں لگی خوفناک آگ 33 گھنٹے بعد مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے، جبکہ 22 افراد زخمی ہیں۔
ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات تقریباً سوا 10 بجے لگی۔ آگ گراؤنڈ فلور سے شروع ہو کر تیزی سے تیسری منزل تک پھیل گئی، جس کے باعث عمارت کے کئی حصے منہدم ہو گئے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔ پلازہ کے اندر داخل ہو کر محدود پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا، جہاں ایک بچے سمیت تین افراد کے جسمانی اعضا ملے، جنہیں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے بعد درجنوں افراد اپنے پیاروں کی تلاش میں عمارت کے باہر موجود رہے۔ پولیس کے مطابق لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے موبائل نمبرز حاصل کر لیے گئے ہیں اور 20 سے زائد افراد کی آخری لوکیشن گل پلازہ کی سامنے آئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث عمارت کے پلرز کمزور ہو چکے ہیں اور متعدد دراڑیں پڑ گئی ہیں، جس کے باعث عمارت کے گرنے کا خدشہ موجود ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رابطہ کرکے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صدر مملکت نے شہید فائر فائٹر فرقان شوکت کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کی ہدایت دی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی گل پلازہ کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے سانحہ گل پلازہ پر آج یومِ سوگ منانے اور مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










