سانحہ گل پلازہ میں اب تک 26 افراد جاں بحق، لاپتا افراد کی تعداد 73 ہوگئی

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 26 ہو گئی ہے، جب کہ واقعے کے بعد اب بھی 73 افراد لاپتا ہیں، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
سندھ حکومت کی قائم کردہ ہیلپ ڈیسک کے مطابق ابتدائی طور پر 70 افراد کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج کی گئی تھی، تاہم آج مزید 3 افراد کے نام فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گل پلازہ میں لگی آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔ فائر فائٹرز نے 33 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد عمارت کے اندر داخل ہو کر محدود پیمانے پر سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران ایک بچے سمیت 3 افراد کے اعضا ملے، جنہیں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کی ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تحقیقات میں کسی کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ ہفتے کی شب 10 بج کر 14 منٹ پر گل پلازہ کی ایک دکان میں لگی، جس کی اطلاع 10 بج کر 38 منٹ پر ریسکیو 1122 کو دی گئی۔ تنگ داخلی اور خارجی راستوں، پانی کی قلت، ہجوم اور ٹریفک مینجمنٹ کے مسائل کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق عمارت کے مختلف حصے گر چکے ہیں اور پلازہ مخدوش ہو چکا ہے، جب کہ اب بھی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










