سانحہ گل پلازہ: سندھ حکومت کا جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ روپے معاوضے کا اعلان

سانحہ گل پلازہ: سندھ حکومت کا جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ روپے معاوضے کا اعلان
کراچی میں سانحہ گل پلازہ کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کی بحالی کی جائے گی اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو امداد کی فراہمی کل سے شروع ہو جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سانحے کے بعد کی صورتحال اور متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد چلتے ہوئے کاروبار بند ہو گئے ہیں اور متاثرین بے روزگار ہو چکے ہیں، اس لیے حکومت ان کی مکمل بحالی کے لیے اقدامات کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی صورتحال پر مسلسل رابطہ کیا ہے اور پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ گل پلازہ کے تاجروں کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ گل پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں موجود ہیں، جس کا مطلب ہے کہ اتنے ہی متاثرین ہیں، اور حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ بحالی کا عمل کس طرح مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کا واقعہ انتہائی سنگین ہے، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا عملہ مختلف مقامات سے عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہے، جب کہ اب بھی 73 افراد لاپتا ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے حکام کو ہدایت کی کہ ملبہ اٹھانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے فرانزک رپورٹ تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کو فوری معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق گل پلازہ کے متاثرین کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









