منگل، 3-مارچ،2026
منگل 1447/09/14هـ (03-03-2026م)

گل پلازہ کے 2 فلور کلیئر، 27 لاشیں برآمد، 81 لاپتا افراد کی تلاش جاری

20 جنوری, 2026 09:51

کراچی: گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک عمارت کے گراؤنڈ فلور اور پہلے فلور کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا ہے، جبکہ اوپری منزلوں تک رسائی کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں دوسرے اور تیسرے فلور میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوہے کی گرلز کو کٹر کی مدد سے کاٹا جا رہا ہے تاکہ اندر موجود افراد تک پہنچا جا سکے۔ عمارت کے بعض حصوں میں شدید نقصان کے باعث ریسکیو کام سست روی کا شکار ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ابتدا میں لاپتا افراد کی تعداد 81 بتائی گئی تھی، تاہم تصدیق کے بعد معلوم ہوا کہ کچھ نام دو مرتبہ شامل ہو گئے تھے۔ اس وقت 74 لاپتا افراد کی باقاعدہ تصدیق ہو چکی ہے، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ اب تک 27 لاشیں سول اسپتال منتقل کی جا چکی ہیں۔ ان میں سے 14 لاشوں کے ڈی این اے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ سات لاشوں کی شناخت مکمل ہو چکی ہے، جن میں سے ایک کی شناخت قومی شناختی کارڈ کے ذریعے کی گئی۔

پولیس سرجن کے مطابق متوفین کی شناخت کے لیے 50 اہل خانہ کے نمونے بھی حاصل کیے جا چکے ہیں۔ تمام نمونے سندھ فرانزک ڈی این اے لیبارٹری کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز میں کیے جائیں گے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے بعض انسانی اعضا پر بھی فرانزک عمل جاری ہے۔

واقعے کے حوالے سے متاثرہ دکانداروں نے دل دہلا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ دکانداروں کے مطابق عمارت میں کل 26 داخلی اور خارجی دروازے موجود تھے، مگر رات دس بجے کے بعد معمول کے مطابق 24 دروازے بند کر دیے گئے تھے اور صرف دو دروازے کھلے رکھے گئے تھے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ عمارت میں کوئی ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہیں تھا۔ آگ انتہائی تیزی سے پھیلی اور چند ہی لمحوں میں پوری مارکیٹ دھوئیں سے بھر گئی۔ لوگوں کو نہ راستہ نظر آ رہا تھا اور نہ ہی سانس لینا ممکن ہو رہا تھا۔

متاثرین کے مطابق آگ کے وقت بجلی بند تھی جس کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ بھگدڑ مچ گئی اور کئی افراد دھوئیں کے باعث بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑے۔ اس وقت دکانوں میں ورکرز اور گاہک موجود تھے، جن میں سے کئی کو دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جب تک عمارت مکمل طور پر کلیئر نہیں ہو جاتی، سرچ آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے کی وجوہات اور حفاظتی غفلت کی تحقیقات بھی الگ سے کی جائیں گی۔


Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔