سانحہ گل پلازہ؛ غلطی ایم کیو ایم کی ہے، بلڈنگ ان کے دور میں بنی، قادر پٹیل

سانحہ گل پلازہ؛ غلطی ایم کیو ایم کی ہے، بلڈنگ ان کے دور میں بنی، قادر پٹیل
اسلام آباد: وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سانحے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی خاندان شدید متاثر ہوئے۔ کچھ لوگ جو کل تک خوشحال تھے، آج سڑکوں پر آ گئے ہیں۔
قادر پٹیل نے کہا کہ گل پلازہ واقعہ صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ برسوں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق کراچی وہ شہر نہیں رہا جو 1947 میں تھا۔ شہر کی منصوبہ بندی، نگرانی اور بنیادی سہولیات پر مسلسل سمجھوتہ کیا گیا۔
انہوں نے جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پر دس سال تک جماعت اسلامی کی حکومت رہی۔ اسی طرح ایم کیو ایم بھی طویل عرصے تک مختلف حکومتوں کا حصہ رہی، لیکن اس دوران کوئی مؤثر قانون سازی یا بلڈنگ کنٹرول سے متعلق ترمیم نہیں کی گئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم خود کو کراچی کا نمائندہ سمجھتی ہے تو اسے اپنے دور میں پیش آنے والے سانحات پر بھی بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کی عمارت ایم کیو ایم کے دور میں بنی، اس لیے ذمہ داری سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
قادر پٹیل نے کہا کہ آج اگر کہا جا رہا ہے کہ سب کو مل کر چلنا چاہیے تو یہ بات ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں۔ تاہم جب ہمیں چور کہا جائے تو پھر بات چیت کیسے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بادشاہوں جیسے اختیارات نہیں رکھتے اور نہ ہی ہمارے پاس جادو کی چھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ہمارے پاس ہے، لیکن مسائل دہائیوں پرانے ہیں۔ سوال یہ بھی ہے کہ کیا مین ہولز کے ڈھکن لگانا بھی صرف میئر کا کام ہے یا یہ مشترکہ ذمہ داری نہیں؟ ان کے مطابق شہری مسائل کا حل الزام تراشی نہیں بلکہ سنجیدہ اور مشترکہ حکمت عملی سے ہی ممکن ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









