منگل، 20-جنوری،2026
منگل 1447/08/01هـ (20-01-2026م)

سانحہ گل پلازہ؛ ضروری نہیں جب حادثہ ہو تو وزیر اعلیٰ یا صوبائی وزیر فوری پہنچیں، شہلا رضا

20 جنوری, 2026 14:33

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک حادثے کو سیاسی رنگ دینا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حیران کن بات ہے کہ ایک واقعے کو بنیاد بنا کر 18ویں ترمیم اور بنیادی تعلیم جیسے معاملات تک بات پہنچا دی گئی۔

شہلا رضا نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں آگ لگنے سے 40 افراد جان سے گئے تھے۔ اسی طرح لاہور کے حفیظ سینٹر میں تین مرتبہ آگ لگی، مگر اس پر سیاست نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق آگ ایک حادثہ ہے اور ایسے واقعات بدقسمتی سے پیش آ جاتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نے کہا کہ سندھ کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے۔ سندھ ایک ایسا خطہ رہا ہے جسے قبل از مسیح بھی دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ واحد صوبہ ہے جس نے ہمیشہ دل کھول کر مہاجرین کو خوش آمدید کہا اور انہیں قبول کیا۔

گل پلازہ واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ حادثہ تھا۔ جب آگ لگی تو عمارت کے 26 میں سے 24 دروازے بند ہو چکے تھے، جس سے صورتحال مزید خطرناک ہو گئی۔ ان کے مطابق سینٹرل اور صدر فائر اسٹیشن سے فوری طور پر فائر ٹینڈرز روانہ کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں کیمیکل کے ذریعے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی، لیکن آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث مزید وسائل کی ضرورت پیش آئی۔ رات 10 بج کر 47 منٹ پر آگ کو بڑی نوعیت کا قرار دیا گیا، جس کے بعد اضافی فائر ٹینڈرز اور 150 واٹر ٹینکرز طلب کیے گئے تاکہ پانی کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

شہلا رضا کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ نے فوری رسپانس دیا اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ ان کے مطابق کسی بھی حادثے میں سب سے ضروری چیز ریسکیو کا بروقت پہنچنا ہوتا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ ہر حادثے پر وزیر اعلیٰ یا صوبائی وزیر فوری طور پر جائے وقوعہ پر موجود ہوں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ کراؤڈ مینجمنٹ بہتر ہو سکتی تھی، تاہم یہ کہنا درست نہیں کہ کوئی کام نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی آگ لگنے سے املاک کو نقصان پہنچتا ہے۔

آخر میں شہلا رضا نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے اپنی بلدیاتی مدت مکمل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ گل پلازہ کے واقعے پر سیاست نہیں کرنا چاہتیں، بلکہ اصل مقصد ایسے حادثات سے سبق سیکھنا اور مستقبل میں بہتر انتظامات کرنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔