’مریم نواز اچھی دکھتی ہیں، اللہ نے انہیں ایسا ہی بنایا ہے‘، عظمیٰ بخاری کا ناقدین کو جواب

پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لباس اور انداز پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو سخت جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنانا دراصل ذاتی جلن اور منفی سوچ کا اظہار ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ مہندی، شادی اور ولیمے کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں، جہاں بعض صارفین نے مریم نواز کے لباس کی تعریف کی جبکہ کچھ نے تنقید بھی کی۔
عظمیٰ بخاری کا ایک ویڈیو بیان پنجاب حکومت کے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے ناقدین کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ مریم نواز کی تیاری کے باعث دلہن لائم لائٹ میں نہیں آ سکیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز جب عام دنوں میں بغیر کسی خصوصی تیاری کے دفتر آتی ہیں تو تب بھی توجہ کا مرکز رہتی ہیں۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق اصل مسئلہ یہ ہے کہ بعض لوگ اس بات سے خائف ہیں کہ مریم نواز اچھی دکھتی کیوں ہیں۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا، ’اللہ نے مریم نواز کو ایسا ہی بنایا ہے، اب اس میں ان کا کیا قصور ہے؟‘
انہوں نے جنید صفدر کی شادی کو ایک خوشگوار اور باوقار تقریب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر گھر میں شادی کے موقع پر اپنی حیثیت اور روایت کے مطابق تیاری کی جاتی ہے تاکہ اہلِ خانہ اور مہمان خوشی میں شریک ہو سکیں۔
عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں دوہرے معیار پائے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی 70 سال کی عمر میں شیروانی پہن کر فوٹو شوٹ کرا سکتا ہے تو پھر مریم نواز اپنے نوجوان بیٹے کی شادی پر تیار کیوں نہیں ہو سکتیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ایسے تبصرے نہ صرف غیر ضروری ہیں بلکہ معاشرتی رویوں پر بھی سوالیہ نشان ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









