سانحہ گل پلازہ: پانچویں روز بھی سرچ آپریشن جاری، جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی

”میں مر جاؤں گا، مجھے بچالو!“ سانحہ گل پلازہ میں لاپتا نوجوان کی آخری کال
کراچی: سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 29 ہو گئی ہے۔ اب تک گیارہ لاشوں کی شناخت بھی مکمل ہو چکی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں پانچویں روز بھی سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق گل پلازہ کی بیسمنٹ کی سرچ مکمل کر لی گئی ہے، لیکن وہاں سے کوئی لاش نہیں ملی۔ دوسری اور تیسری منزل، عمارت کے عقبی حصے اور ملبے تلے دبے حصوں میں ابھی بھی کارروائی جاری ہے۔ دھواں ختم ہو چکا ہے اور کولنگ کا عمل مکمل کر دیا گیا ہے، لیکن عمارت کی مخدوش حالت کے باعث کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
فائر آفیسر ظفر خان نے بتایا کہ اب تک نکالی گئی اٹھائیس لاشوں میں گیارہ کی شناخت ہو چکی ہے۔ گزشتہ شب ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے 15 سالہ مریم، 26 سالہ رضوان اور 33 سالہ شہروز کی شناخت کی گئی۔
چھبیس میتوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو چکا ہے۔ سی پی ایل سی نے ساٹھ ڈی این اے ریفرنس سیمپلز حاصل کیے تھے اور فارنزک ٹیم شناخت کے عمل میں تعاون کر رہی ہے۔ پولیس سرجن کراچی بھی شناختی کام میں شریک ہیں۔
ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے بتایا کہ گل پلازہ کی عمارت انتہائی خطرناک ہو گئی ہے اور باقی ڈھانچے کو گرانا ناگزیر ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبہ بہت زیادہ ہے اور مکمل سرچ آپریشن میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
گل پلازہ میں آگ تو بجھا دی گئی ہے، لیکن اس سانحے نے درجنوں خاندانوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ لاپتہ افراد کی تلاش اس وقت تک جاری رہے گی جب تک عمارت کی مکمل سرچنگ نہیں ہو جاتی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









