بدھ، 21-جنوری،2026
بدھ 1447/08/02هـ (21-01-2026م)

عمارتوں میں فائر سیفٹی سسٹم نصب ہونا چاہیے تاکہ ایسے حادثات نہ ہوں: میئر کراچی

21 جنوری, 2026 09:25

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن تقریباً 70 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور عمارت کے دو تہائی حصے کو کلیئر کر لیا گیا ہے، تاہم تاحال مزید لاشیں نہیں ملی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کی حتمی تعداد اور مکمل تفصیلات صبح تک سامنے آ سکیں گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عمارت کا مکمل تکنیکی جائزہ لے رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آگ کس وجہ سے اتنی تیزی سے پھیلی اور حفاظتی انتظامات میں کہاں کمی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور ڈی این اے رپورٹس آنے کے بعد ہی درست تعداد بتانا ممکن ہو گا۔

میئر کراچی کے مطابق گل پلازہ کے پہلے اور دوسرے فلور کو کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر ریسکیو آپریشن 70 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کو 81 افراد کے لاپتا ہونے کی شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے کئی نام دہرائے گئے ہیں، اس لیے درست تصدیق کے بعد ہی اصل تعداد سامنے آئے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ سانحہ شہر بھر کی عمارتوں کے لیے ایک وارننگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تجارتی اور رہائشی عمارتوں میں فائر سیفٹی سسٹم، ایمرجنسی ایگزٹ اور فائر الارم نصب نہ ہوں تو ایسے حادثات ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ عمارت مالکان کو قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے گل پلازہ سے متصل رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قرار دے دیا ہے۔ ایس بی سی اے کے مطابق گل پلازہ کے ملبے کے باعث رمپا پلازہ کے ستون متاثر ہوئے ہیں، جس پر انتظامیہ اور دکان مالکان کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

ایس بی سی اے نے رمپا پلازہ کے خطرناک حصوں کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت دی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی مکمل اسٹرکچرل رپورٹ آنے تک کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔