سانحہ گل پلازہ: آخری لاپتا شخص کے ملنے تک عمارت نہیں گرائی جائے گی، ڈی سی ساؤتھ

سانحہ گل پلازہ: آخری لاپتا شخص کے ملنے تک عمارت نہیں گرائی جائے گی، ڈی سی ساؤتھ
کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ کے سانحے پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے واضح کیا ہے کہ جب تک آخری لاپتا شخص نہیں مل جاتا، اس وقت تک عمارت کو گرانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے اور کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ گل پلازہ میں پانچویں روز بھی ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ملبے سے نکالی گئی 17 لاشوں کی شناخت ہونا باقی ہے۔ 11 افراد کی شناخت مکمل ہو چکی ہے اور ان کی میتیں ورثا کے حوالے کی جا چکی ہیں۔
جاوید نبی کھوسو کے مطابق 85 افراد کو لاپتا قرار دیا گیا تھا، تاہم ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ اس فہرست میں کچھ نام دہرائے گئے ہیں۔ ان تمام ناموں کی دوبارہ تصدیق کی جا رہی ہے تاکہ اصل تعداد واضح ہو سکے۔
ڈی سی ساؤتھ نے کہا کہ 39 لاپتا افراد کی موبائل لوکیشن گل پلازہ کی عمارت میں ظاہر ہو رہی ہے، مگر عمارت کے کچھ حصے ایسے ہیں جہاں ریسکیو ٹیمیں اب تک نہیں پہنچ سکیں۔ ملبہ ہٹانے کا کام بھاری مشینری اور دستی دونوں طریقوں سے کیا جا رہا ہے، لیکن کچھ حصے دبے ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمارت کے اندر اب بھی دھواں اور شدید گرمائش موجود ہے، جس کے باعث کولنگ کا عمل بھی ساتھ ساتھ جاری ہے۔ جہاں تک رسائی ممکن ہے وہاں سرچ آپریشن کیا جا چکا ہے، جبکہ تکنیکی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید حصوں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈی سی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ گل پلازہ کے ساتھ موجود رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے رمپا پلازہ کے نقشے اور تکنیکی تفصیلات طلب کی گئی ہیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
جاوید نبی کھوسو کا کہنا تھا کہ جب تک ایک بھی لاپتا شخص کی امید باقی ہے، اس وقت تک گل پلازہ کی عمارت کو نہیں گرایا جائے گا۔ تمام افراد کے ملنے یا مکمل تصدیق کے بعد ہی عمارت کو گرانے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










