بدھ، 21-جنوری،2026
بدھ 1447/08/02هـ (21-01-2026م)

سانحہ گل پلازہ: سعودی عرب، امریکا اور چین کا اظہارِ افسوس

21 جنوری, 2026 10:45

کراچی میں پیش آنے والے سانحہ گل پلازہ پر سعودی عرب، امریکا اور چین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے جاری بیان میں متاثرہ خاندانوں، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے مکمل ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے اور جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ہے۔

امریکی قونصل خانے نے بھی واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ امریکی قونصل خانے نے ریسکیو اداروں اور فائر فائٹر اہلکاروں کی جرات اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اہلکاروں نے مشکل حالات میں انسانی جانیں بچانے کے لیے قابلِ تعریف کردار ادا کیا۔

چینی قونصل جنرل نے بھی گل پلازہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ زخمیوں کے لیے نیک خواہشات اور جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ چینی قونصلیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

حکام کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ شناخت کے عمل کے لیے 50 خاندانوں کے ڈی این اے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں تاکہ جاں بحق افراد کی درست شناخت ممکن بنائی جا سکے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے تہہ خانے کے اوپن ایریا کو مکمل طور پر سرچ کر لیا گیا ہے جہاں سے کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی، تاہم تہہ خانے کا ایک حصہ جو ملبے تلے دبا ہوا ہے، وہاں سرچ آپریشن جاری ہے۔ اس کے علاوہ عمارت کا دوسرا اور تیسرا فلور بھی کلیئر کر لیا گیا ہے۔

ادھر سانحہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے، جو آگ لگنے کے اسباب، فائر سیفٹی انتظامات اور ذمہ داران کا تعین کرے گی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔