بدھ، 21-جنوری،2026
بدھ 1447/08/02هـ (21-01-2026م)

پنجاب بھر میں تمام فائر سیفٹی سسٹمز کا آڈٹ ہوگا: وزیراعلیٰ مریم نواز

21 جنوری, 2026 10:24

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں تمام فائر سیفٹی سسٹمز کے آڈٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ سے بچاؤ کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ رکھا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ فائر سیفٹی سے متعلق نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تیار کیے جائیں گے اور موجودہ نظام کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف قوانین بنانا کافی نہیں بلکہ ان پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری دفاتر، اسپتال، اسکول، کالجز اور نجی اداروں سمیت تمام عمارتوں میں فائر سیفٹی سسٹمز کی جانچ کی جائے گی۔ جہاں شارٹ سرکٹ یا آگ لگنے کا خدشہ ہو، وہاں فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حالیہ آتشزدگی کے واقعات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ فائر سیفٹی نظام میں بڑی خامیاں موجود ہیں۔ ان خامیوں کو دور کیے بغیر ایسے حادثات کو روکا نہیں جا سکتا۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ آڈٹ رپورٹ کی بنیاد پر کمزور عمارتوں کی نشاندہی کی جائے اور جن مقامات پر فائر الارم، اسپرنکل سسٹم یا ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہ ہوں، وہاں فوری اصلاحی کام کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔