بدھ، 21-جنوری،2026
بدھ 1447/08/02هـ (21-01-2026م)

گل پلازہ آتشزدگی؛ ایس بی سی اے نے رمپا پلازہ کو بھی غیر محفوظ قرار دے دیا

21 جنوری, 2026 09:13

کراچی: گل پلازہ میں ہولناک آگ کے بعد اس سے متصل عمارت رمپا پلازہ کو بھی غیر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق آگ کے شدید اثرات کے باعث رمپا پلازہ کے اہم ستون متاثر ہوئے ہیں، جس سے عمارت کی ساخت کمزور ہو چکی ہے۔

حکام کے مطابق گل پلازہ میں لگنے والی تیسرے درجے کی آگ نے نہ صرف مرکزی عمارت کو نقصان پہنچایا بلکہ ساتھ موجود رمپا پلازہ کی بنیادوں پر بھی منفی اثر ڈالا ہے۔ ابتدائی تکنیکی معائنے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رمپا پلازہ کے کچھ ستون شدید حرارت کے باعث اپنی مضبوطی کھو چکے ہیں۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے رمپا پلازہ کی انتظامیہ اور دکان مالکان کو باقاعدہ نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ خطرناک قرار دیے گئے حصے میں کسی بھی قسم کی سرگرمی فوری طور پر بند کی جائے اور دکانیں خالی کرائی جائیں۔

ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ جب تک مکمل اسٹرکچرل رپورٹ تیار نہیں ہو جاتی، رمپا پلازہ کے متاثرہ حصے کو استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا حکم عدولی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ کئی دکاندار اب بھی اپنے سامان کے لیے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انتظامیہ نے دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں اور حکام کی اجازت کے بغیر عمارت میں داخل نہ ہوں۔

واضح رہے کہ ہفتے کی شب گل پلازہ میں لگنے والی آگ کراچی کے بڑے سانحات میں شمار کی جا رہی ہے۔ اس واقعے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 81 افراد کو لاپتا قرار دیا گیا تھا، جن میں سے 74 کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ریسکیو آپریشن اور تفتیشی عمل تاحال جاری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔