جمعرات، 22-جنوری،2026
جمعرات 1447/08/03هـ (22-01-2026م)

کراچی کو صوبے کے بجائے وفاق کا حصہ بنایا جائے، مصطفیٰ کمال کا مطالبہ

22 جنوری, 2026 11:43

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کو صوبے کے بجائے وفاق کے تحت لایا جائے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ 18ویں ترمیم کراچی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق یہ ترمیم شہر کی نسل کشی کا سبب بن رہی ہے اور ملک کے لیے ناسور بن چکی ہے۔

گل پلازہ کے سانحے پر بات کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ متاثرین کے دکھ میں وہ برابر کے شریک ہیں، اور کوئی نہیں کہہ سکتا کہ یہ کراچی کا آخری سانحہ ہوگا۔ انہوں نے اس سانحے میں معصوم لوگوں کی جانیں ضائع ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ پیپلز پارٹی 18 سال سے صوبے میں حکومت کر رہی ہے، لیکن کراچی کے شہری علاقوں میں مہاجروں اور دیگر آبادی کی نسل کشی جاری ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کتنی لاشیں اٹھائی جائیں اور کتنے بچے گٹروں میں گر کر مر جائیں گے؟

مصطفی کمال نے گزشتہ واقعات کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ بولٹن مارکیٹ کی آگ اور عاشورے کے دھماکوں کے وقت، وہ میئر کے طور پر لوگوں اور عمارتوں کو بچانے کی کوشش کرتے رہے۔ ان کے مطابق اس دوران نہ وفاقی حکومت تھی، نہ صوبائی حکومت، اور نہ ہی اتنا پیسہ دستیاب تھا کہ وہ کچھ کر سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم چاہ کر بھی کراچی کے لیے کچھ نہیں کرسکتے کیونکہ پیپلز پارٹی ناراض ہوجاتی ہے، اور حکومت کو کراچی میں مکمل آزادی دی گئی ہے کہ جو چاہے کرے۔

مصطفی کمال نے زور دیا کہ آئین میں ترمیم کرکے کراچی کو وفاقی علاقہ قرار دیا جائے تاکہ شہر کی حفاظت اور شہریوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔