جمعرات، 22-جنوری،2026
جمعرات 1447/08/03هـ (22-01-2026م)

سرکاری ملازمین کیلئے انتہائی بُری خبر؛ عدالت سے بڑی خبر آگئی

22 جنوری, 2026 14:30

اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے برطرف ملازمین کی سفارشات پر عمل درآمد روکنے کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔

 ڈویژن بینچ نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی انٹرا کورٹ اپیلیں مسترد کر دیں۔ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس نے اپیلوں کو قانونی اور میرٹ کے خلاف قرار دیا۔

عدالت نے کہا کہ کمیٹی کی کارروائی ایڈوائزری نوعیت کی تھی اور اس کی رپورٹ صرف قومی اسمبلی میں پیش کرنے تک محدود تھی۔ تاہم خصوصی کمیٹی کی جانب سے اداروں کے سربراہان کو ملازمین کی بحالی، مستقلی اور تنخواہوں کے تعین کی ہدایات قانونی دائرہ اختیار سے تجاوز کرتی ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ اقدامات محض بے ضابطگی نہیں بلکہ آئینی اور قانونی فریم ورک کی خلاف ورزی ہیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ خصوصی کمیٹی کے احکامات انتظامیہ اور عدلیہ کے اختیارات میں مداخلت کے مترادف ہیں۔ کمیٹی کی ہدایات سول سرونٹس ایکٹ اور متعلقہ رولز کی خلاف ورزی ہیں۔ سنگل بینچ کا فیصلہ کہ خصوصی کمیٹی کی ہدایات غیر قانونی ہیں، درست اور مؤثر تھا۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ ملازمین کی سروس کی مستقلی، ریگولرائزیشن یا بحالی کے اختیارات متعلقہ اداروں کے اپنے دائرہ اختیار میں ہیں۔ خصوصی کمیٹی کی ہدایات کی بنیاد پر کیے گئے اقدامات کو کوئی قانونی تحفظ حاصل نہیں۔ عدالت نے یہ ہدایت بھی دی کہ ادارے اپنی صوابدید اور دائرہ اختیار کے مطابق اس معاملے پر دوبارہ غور کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے کنٹریکٹ، ڈیلی ویجر اور پروجیکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ اس کمیٹی کے چیئرمین قادر مندوخیل تھے اور ان کا مقصد برطرف ملازمین کی بحالی اور مستقل ملازمت کی سہولت فراہم کرنا تھا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔