جمعہ، 23-جنوری،2026
جمعہ 1447/08/04هـ (23-01-2026م)

ووٹ ڈالنے کی عمر 25 سال مقرر؟ حکومت نے وضاحت کردی

23 جنوری, 2026 14:31

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ حکومت ووٹ ڈالنے کی کم از کم عمر 18 سال سے بڑھا کر 25 سال کرنے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے ان رپورٹس کو جھوٹا، بے بنیاد اور منظم گمراہ کن مہم قرار دیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نہ تو حکومت اس نوعیت کی کسی تجویز پر غور کر رہی ہے اور نہ ہی پارلیمان میں اس حوالے سے کوئی قانون سازی زیرِ بحث ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر واضح کیا کہ حکومت پاکستان کے نوجوانوں پر مکمل اعتماد رکھتی ہے اور ان کے آئینی حق رائے دہی کو محدود کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان ملک کے مستقبل کے اہم ستون ہیں اور وہ باشعور اور ذمہ دار فیصلے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ اپوزیشن اور دیگر عناصر جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلا رہے ہیں تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جا سکے اور عوام میں گمراہی پیدا ہو۔

احسن اقبال نے کہا کہ نہ کسی مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں اور نہ ہی کسی اور فورم پر ووٹنگ کی عمر بڑھانے کی قانون سازی زیرِ غور ہے۔ ان کے مطابق حکومت نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں فعال شراکت دار سمجھتی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا اور بعض میڈیا رپورٹس میں یہ دعوے سامنے آئے تھے کہ حکومت ووٹ کی عمر بڑھانے پر غور کر رہی ہے، جس کے بعد عوام اور سیاسی حلقوں میں تشویش پائی گئی تھی۔ وفاقی وزیر کی وضاحت کے بعد یہ افواہیں فوری طور پر بے بنیاد ثابت ہو گئی ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔