ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

شدید بارش اور مزید برفباری کی پیشگوئی؛ الرٹ جاری

24 جنوری, 2026 09:50

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسم ایک بار پھر خراب ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اتوار کی رات سے بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے جو 25 سے 27 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران سردی کی شدت میں بھی واضح اضافہ متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم صوبے میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کا امکان ہے، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جبکہ ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکوں پر پھسلن بڑھنے کا خدشہ ہے۔ بعض مقامات پر راستے بند ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ موجود ہے، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملہ الرٹ رکھیں۔

ادارے کی جانب سے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پہاڑی علاقوں کا سفر سوچ سمجھ کر کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔