ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے راستے بند، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

24 جنوری, 2026 09:39

ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ شدید برفباری نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔

 بالائی علاقوں میں کئی فٹ تک برف پڑنے کے باعث سڑکیں بند ہو چکی ہیں اور آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔ آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، سدھنوتی، باغ، ہٹیاں بالا، اٹھ مقام اور اپر نیلم میں گزشتہ رات سے مسلسل برفباری جاری ہے۔ شدید سردی اور برف کے باعث معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔

ضلع حویلی میں برفباری کے دوران ایک ایمبولینس سمیت تقریباً 25 گاڑیاں پھنس گئیں۔ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 32 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ایمبولینس میں موجود دو میتوں کو بھی نکال لیا گیا۔ گاڑیوں میں سوار افراد کی تعداد 100 کے قریب بتائی گئی ہے۔

مظفرآباد میں کئی برس بعد برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ وادی نیلم میں شدید برفباری کے باعث تین مکانات منہدم ہو گئے۔ مختلف علاقوں میں برف اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہیں بند ہو گئیں جبکہ بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے گر گئے اور تاریں ٹوٹنے سے 24 گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کاغان میں سڑکیں بند ہونے کے بعد سیاحوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے اور انہیں بالاکوٹ میں ہی روک لیا گیا ہے۔ دیر بالا، کمراٹ، لواری ٹنل اور باجوڑ میں بھی برفباری کے باعث راستے بند ہو گئے ہیں۔ ملاکنڈ میں کئی سال بعد برف پڑی جس سے درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق متاثرہ افراد کو پائندہ چینہ اسکول اور ہاسٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ شانگلہ ٹاپ میں 22 گھنٹے سے برف میں پھنسے چار سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

گلگت بلتستان میں بھی شدید برفباری نے حالات مشکل بنا دیے ہیں۔ چلاس اور اپر کوہستان میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم کئی مقامات پر بند ہو گئی ہے، جس سے سینکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ استور میں زندگی مکمل طور پر متاثر ہو گئی ہے اور زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ راما میڈوز، دیوسائی، نانگا پربت اور برزل ٹاپ پر پانچ سے چھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ مشرف چوک میں برفانی تودہ گرنے سے سڑک بند ہو گئی۔

ہنزہ اور نگر میں بھی برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ وادی چیپورسن میں خیموں میں رہنے والے زلزلہ متاثرین شدید سردی اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں تاہم موسم کی شدت کے باعث کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔