گل پلازہ ریسکیو آپریشن نویں روز میں داخل؛ تیسرے فلور سے مزید انسانی باقیات برآمد

Gul Plaza rescue operation enters ninth day; more human remains recovered from third floor
کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ میں جاری ریسکیو آپریشن نویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے تیسری منزل سے انسانی باقیات برآمد کی ہیں۔ یہ باقیات فوری طور پر ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق کے مطابق اب تک 71 لاشیں اور انسانی اعضا اسپتال لائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 22 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل ہو چکی ہے۔ ان میں سے 6 لاشیں قابلِ شناخت تھیں، جبکہ 15 افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ممکن ہوئی۔ ایک لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ کی مدد سے کی گئی۔
لاہور سے تحقیقات کے لیے ٹیکنیکل ٹیم گل پلازہ پہنچ گئی
لاہور سے تحقیقات کے لیے ٹیکنیکل ٹیم گل پلازہ پہنچ گئی ہے، ٹیم نے مختلف مقامات کا جائزہ لیا، ٹیکنیکل ٹیم میں لاہور سے آئے فارنزک ٹیم کا عملہ بھی موجود ہے۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے تحقیقاتی ٹیکنیکل اور فارنزک ٹیم کو مختلف مقامات کا معائنہ کروایا، اربن سرچنگ آپریشن ٹیم کی جانب سے مختلف مقامات پر مارکنگ کردی گئی ہے۔
اربن سرچنگ ٹیم کا کہنا ہے کہ جہاں سرچنگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے وہاں مارکنگ کی جا رہی ہے، گل پلازہ کے مختلف مقامات پرایچ کا نشان مارک کیا گیا ہے، اس ایچ نشان کا مطلب خطرے کی نشاندہی، عمارت گرنے کا خدشہ ہے۔
انچارج سی پی ایل سی شناخت پروجیکٹ کا کہنا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں انسانی باقیات موصول ہوئی ہیں۔
سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج
سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ نبی بخش تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں غفلت اور لاپرواہی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے آگ سے متاثرہ گل پلازہ کی ازسرِ نو تعمیر کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ اپنے بجٹ سے اس عمارت کی تعمیر کرے گی۔ کثیر المنزلہ گل پلازہ کی تعمیر ایک سال کے اندر مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعمیر مکمل ہونے کے بعد دکانیں متاثرہ الاٹیز کے حوالے کر دی جائیں گی۔ اس منصوبے کے لیے ماہرین تعمیرات کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں تاکہ عمارت کو جدید اور محفوظ بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ کراچی میں 17 جنوری کی رات گل پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










