ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

سانحہ گل پلازہ؛ سیاست کرنی ہے توہم تیار ہیں مگر پہلے 88 لاشوں کاجواب دو! گورنر سندھ سندھ حکومت پر برس پڑے

26 جنوری, 2026 16:08

کراچی: سانحہ گل پلازہ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاست کرنی ہے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں، مگر اس سے پہلے حکومت 88 لاشوں کا جواب دے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اب تک کئی متاثرین کی لاشیں نہیں مل سکیں اور بعض افراد کی باقیات کا بھی کوئی واضح سراغ نہیں ملا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ کیا تھی اور ریسکیو ٹیمیں عمارت کے اندر بروقت کیوں داخل نہ ہو سکیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ دروازے توڑنے والے کہاں تھے اور آگ کے دوران عمارت سے لوگوں کو نکالنے کے لیے فوری اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 47 سال پرانی لیز تو نکال لی گئی، مگر اصل مسئلہ یعنی آگ کی وجہ پر کوئی واضح جواب سامنے نہیں آیا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ متاثرین کو جو معاوضہ دیا جا رہا ہے وہ عوام کے اپنے ٹیکس کا پیسہ ہے، یہ کسی حکومت کا احسان نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس غفلت کے واضح ثبوت موجود ہیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

انہوں نے ڈی این اے رپورٹس میں تاخیر، ریسکیو آپریشن کے سست روی اور فائر فائٹنگ کے نظام پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کوئی دور دراز علاقہ نہیں تھا، جہاں ریسکیو ٹیمیں نہ پہنچ سکتیں۔

گورنر سندھ نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کرنے کا بھی اعلان کیا تاکہ واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات ہو سکیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ بظاہر کسی نے جان بوجھ کر آگ نہیں لگائی، لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ کوتاہی کس کی تھی۔ اگر ذمہ داروں کو سزا نہ دی گئی تو آئندہ بھی ایسے سانحات ہوتے رہیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔