ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

سانحہ گل پلازہ: آج ٹیکنیکل ٹیم آخری بار عمارت میں داخل ہوگی اس کے بعد عمارت سیل کر دی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

26 جنوری, 2026 10:52

کراچی، 26 جنوری 2026 — ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں سرچ آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور آج ٹیکنیکل ٹیم آخری بار عمارت میں داخل ہوگی، جس کے بعد گل پلازہ کو باقاعدہ طور پر سیل کر دیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ اگر اب بھی کسی شخص کا کوئی عزیز لاپتا ہے تو وہ فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرے۔

ڈی سی کے مطابق 79 لاپتا افراد میں سے 13 افراد کے لواحقین نے تاحال ڈی این اے سیمپلز فراہم نہیں کیے۔ اب تک 30 لاشوں کا ڈیٹا حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد دی جا سکے۔

غفلت اور لاپرواہی کی تحقیقات جاری

دوسری جانب ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کہا کہ واقعے میں غفلت اور لاپرواہی کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جائے گا۔ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آگ لگنے کے باوجود دروازے کیوں نہیں کھولے گئے، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمارت میں موجود فائر سیفٹی انتظامات اور ایمرجنسی ایگزٹس کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

جاں بحق افراد کی تعداد اور پس منظر

اب تک سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق 73 افراد میں سے 23 کی شناخت ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ 17 جنوری کی رات کراچی میں پیش آیا تھا، جب گل پلازہ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا اور شہر کے بدترین حادثات میں سے ایک بن گیا۔

حکام کے مطابق عمارت کو سیل کرنے کا مقصد تحقیقات کو مکمل کرنا اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ خطرے سے انسانی جانوں کو محفوظ رکھنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔