ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

کراچی میں پولیس نفری کی کمی کے باعث ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے سکیورٹی واپس لی گئی ہے: ترجمان سندھ حکومت

27 جنوری, 2026 11:09

کراچی: ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ کراچی میں پولیس نفری کی کمی کے باعث ممکنہ طور پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے سکیورٹی واپس لی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے مسائل کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کی قلت بھی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ جاوید نے اعتراف کیا کہ سندھ میں فارنزک لیب کا قائم نہ ہونا حکومت کی ایک بڑی کوتاہی رہی ہے۔ تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ رواں سال کے آخر تک سندھ کی فارنزک لیب مکمل طور پر فعال ہو جائے گی، جس سے تفتیشی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا۔

گل پلازہ کے متاثرین کی منتقلی سے متعلق سوال پر ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ گل پلازہ کے سامنے موجود دو پلازوں میں متاثرہ دکانداروں کو منتقل کیا جائے گا۔ حکومت ان پلازوں کے مالکان سے رابطے میں ہے تاکہ متاثرین کو جلد از جلد متبادل جگہ فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایک پلازہ میں تقریباً 500 جبکہ دوسرے پلازہ میں 350 دکانیں موجود ہیں، جہاں متاثرہ تاجروں کو شفٹ کیا جائے گا تاکہ ان کا کاروبار دوبارہ شروع ہو سکے۔

سعدیہ جاوید کا مزید کہنا تھا کہ گل پلازہ میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ یہ کمیٹی تین ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق رپورٹ کی بنیاد پر متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور حکومت اس ضمن میں مالی معاونت بھی فراہم کرے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں اور تاجروں کو ریلیف مل سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔