جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

خیبرپختونخوا کی ترقی کا فیصلہ عوام کریں، عطا تارڑ اور اختیار ولی کا کے پی یوتھ اسمبلی سے خطاب

28 جنوری, 2026 15:03

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی نے خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی سے گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے صوبے کی ترقی، نوجوانوں کے کردار اور سیاسی بیانیے پر کھل کر بات کی۔

اختیار ولی نے کہا کہ عوام خود دیکھیں کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے کون سی جماعت بہتر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوابی جیسے اضلاع میں آج تک نہ کوئی یونیورسٹی بنی اور نہ ہی بڑا اسپتال قائم ہو سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر صوبے کے لیے کام کرنا ہوگا۔ اختیار ولی نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے صرف صحت کارڈ کو ہی اپنا بیانیہ بنا رکھا ہے، حالانکہ سب کو معلوم ہے کس نے کتنا کام کیا۔

اختیار ولی نے واضح کیا کہ صحت کارڈ پروگرام کی بنیاد سابق وزیراعظم نواز شریف نے رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو اصل حقائق جاننے چاہئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے یوتھ اسمبلی کے پلیٹ فارم کو انتہائی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف یہ کہنا کافی نہیں کہ فلاں نظام یا ٹیکس غلط بنایا گیا، بلکہ بہتر متبادل بھی دینا ہوگا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں جو سیاسی پالیسی فروغ پا رہی ہے وہ ایک سرکس بن چکی ہے۔ پہلے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر سیاست ہوتی تھی، مگر اب بیانیہ اس طرح نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اربوں ڈالر کے قدرتی معدنی ذخائر موجود ہیں، مگر ان سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دانش اسکول جیسے منصوبوں پر بھی تنقید کی گئی، حالانکہ یہ غریب بچوں کے لیے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس ملک میں کام کرنا سب سے مشکل اور تنقید کرنا سب سے آسان کام بن چکا ہے۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں خودکش حملے کے بعد سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان تک پہنچا گیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اگر لاہور میں فرانزک لیب نہ ہوتی تو قصور کی بچی زینب کے قاتل کو کبھی پکڑا نہ جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سیف سٹی، فرانزک لیب اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ موجود ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں بھی ایسے ادارے ہونے چاہئیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ترقیاتی کاموں کے بجائے چور، ڈاکو اور غدار کے نعروں کی سیاست شروع کر دی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔