کیچ کے علاقے بالیچہ میں بی ایل اے نے خاتون کو اغوا کرلیا

کیچ: بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بالچا میں شام کے وقت ایک خاتون کو اسلحے کے زور پر اغوا کر لیا گیا۔ واقعہ شام تقریباً ساڑھے چار سے پونے پانچ بجے کے درمیان پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک کرولا گاڑی ایک گھر کے سامنے آ کر رکی۔ گاڑی میں سوار افراد نے نرگس نامی خاتون کو زبردستی گاڑی میں بٹھایا اور تیزی سے موقع سے فرار ہو گئے۔
خاتون کے شوہر اور بھتیجے نے فوری طور پر گاڑی کا پیچھا کیا۔ ناصرآباد کے قریب انہوں نے گاڑی کو روک لیا، جہاں ایک مسلح شخص کلاشنکوف اٹھائے گاڑی سے باہر نکلا۔
خاتون کے شوہر نے مزاحمت کرتے ہوئے بتایا کہ اغوا کی جانے والی خاتون اس کی بیوی ہے۔ اسی دوران پیچھے سے دو موٹر سائیکلیں موقع پر پہنچیں، جن پر کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے جھنڈے لگے ہوئے تھے۔
موٹر سائیکل سواروں نے خاتون کے شوہر پر تشدد کیا اور اس کے ساتھ موجود بھتیجے سے موبائل فون چھین لیے۔ بعد ازاں مسلح افراد خاتون کو زبردستی اپنے ساتھ ناصرآباد کے جنگلات کی طرف لے گئے۔
واقعے کی اطلاع پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو دے دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ عام اغوا یا ذاتی دشمنی کا معاملہ معلوم نہیں ہوتا۔ دن کی روشنی میں اسلحے کے زور پر خاتون کو اغوا کرنا اور مسلح ساتھیوں کی مدد سے فرار ہونا ایک منظم کارروائی کی نشاندہی کرتا ہے۔
ماضی میں بھی بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے عورتوں کو دباؤ، تشدد اور بلیک میلنگ کے ذریعے استعمال کرنے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات پورے معاشرے کے لیے شدید خطرے کی علامت ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











