محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

Meteorological Department sounds the alarm
ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی اور برفباری نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض حصوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان موجود ہے۔ میدانی علاقوں میں سرد ہواؤں کے ساتھ دھند اور جزوی ابر آلود موسم برقرار رہنے کی توقع ہے۔
لاہور میں موسم سرد رہا اور درجہ حرارت 8 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ دن کے وقت سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی دیکھنے میں آئی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 73 سے 100 فیصد تک رہا۔ شہر میں آلودگی کی سطح میں کمی دیکھی گئی اور ایئر کوالٹی انڈیکس 151 ریکارڈ ہوا، جس کے بعد لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں 17ویں نمبر پر آ گیا۔ بعض علاقوں میں دھند کے باعث حدِ نگاہ دو کلومیٹر تک محدود رہی۔
کراچی میں بھی موسم سرد اور خشک رہا۔ درجہ حرارت 11 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر جنوری کے اختتام تک برقرار رہ سکتی ہے۔ شہر میں نمی کا تناسب 65 فیصد رہا اور شمال مشرقی سمت سے ہلکی ہوائیں چلتی رہیں۔ فضائی آلودگی کے باعث کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دسویں نمبر پر موجود ہے، جہاں آلودگی کی سطح 163 ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں بھی سرد اور خشک موسم چھایا رہا۔ کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 16 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔
مانسہرہ اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کا سلسلہ رک چکا ہے، تاہم شدید سردی بدستور برقرار ہے۔ کاغان، ناران اور شوگران میں درجہ حرارت منفی 22 سے منفی 24 ڈگری تک گر گیا ہے، جبکہ مانسہرہ شہر میں پارہ منفی ایک ڈگری تک پہنچ گیا۔ شاہرہ کاغان اور شوگران روڈ کو بحال کرنے کا کام جاری ہے، تاہم کاغان میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی برقرار ہے۔ برفباری کے باعث کئی دیہات کی رابطہ سڑکیں بند اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
شمالی علاقہ جات اور بلوچستان میں بھی بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ گلیات، نتھیا گلی اور مری میں دوبارہ برفباری سے سڑکیں بند ہو گئیں۔ وادی لیپہ جانے والی شاہراہ سمیت کئی راستے متاثر ہوئے ہیں۔ کوئٹہ، قلات، مستونگ، پشین، چمن اور کوژک ٹاپ میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
وادی لیپہ میں شدید برفباری کے دوران پیدل سفر کرنے والے پانچ افراد لاپتہ ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے مقامی افراد اور پاک فوج کے لیپہ گارڈز ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ اہلِ علاقہ نے بروقت امدادی کارروائی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان موجود ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند چھائی رہنے کی توقع ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











