ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

صدر آصف زرداری سے اماراتی وزیرِ رواداری کی ملاقات، پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور

28 جنوری, 2026 09:34

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے ملاقات کی، جس میں مکالمے کے فروغ، شمولیت، رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے رواداری اور بقائے باہمی کے اصولوں کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کا رواداری، انسانی اخوت اور بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق قومی وژن پوری دنیا کے لیے ایک مثالی ماڈل ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے افراد کے درمیان ہم آہنگی کو قابلِ تقلید قرار دیا۔

صدرِ مملکت نے 200 سے زائد قومیتوں کے درمیان اتحاد، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کی کامیابی کو سماجی ہم آہنگی کا ایک متاثر کن نمونہ قرار دیا۔

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات، ثقافتی تبادلوں اور بین الاقوامی سطح پر رواداری کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی اور رکنِ قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔