وزیراعظم کا صنعتوں کیلئے بجلی 4 روپے 4 پیسے سستی کرنے کا اعلان

Prime Minister announces a 4.04 rupee reduction in electricity rates for industries
وزیر اعظم نے انڈسٹری کیلئے بجلی ٹیرف میں 4روپے 4پیسے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا بس چلے تو 10روپے مزید کم کردوں لیکن ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے نامور ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کو ایوارڈز دیے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری حضرات کا معیشت میں کلیدی کردار ہے، کاروباری طبقے کا معیشت میں کردار بڑھتا جارہا ہے، کاروباری شخصیات نے شبانہ روز محنت کرکے ملک کا نام روشن کیا، برآمد کنندگان نے مشکل حالات میں بہترین کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان نے 2025 میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا، برآمد کنندگان کی غیر متزلزل محنت سے ملک میں اربوں ڈالر آئے، ماضی میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جارہی تھیں، پی ڈی ایم دور میں آئی ایم ایف نے سخت شرائط کی بات کی، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہمارے لیے چیلنج تھا، حکومت کی کاوشوں سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں معیشت مستحکم ہوچکی، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر ساڑھے10فیصد تک آچکا، آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے معاشی پروگرام کی منظوری دی، پاکستان کی پذیرائی کرنے والے ممالک کا مشکور ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کو ناقابل فراموش شکست دی، پاکستان نے بھارت کو ایسی شکست دی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی، معرکہ حق میں فتح کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی قدر میں اضافہ ہوا، کسی ملک دورے پر جاتے ہیں تو پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی خوشحالی کے لیے خون پسینہ ایک کرنا ہوگا، جنہیں ایوارڈز ملے انہیں بلیو پاسپورٹ دیں گے، چین نے ہمارے لیے اربوں ڈالر رول اوور کیے، مشکل ترین چیلنجز میں چین، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر نے ہماری مدد کی، معیشت مستحکم ہوچکی لیکن ابھی صورتحال زیادہ بہتر نہیں ہوئی، بے روزگاری بڑھی، ایکسپورٹ میں جتنا اضافہ ہونا چاہیے تھا نہیں ہوا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرولیم اسمگلنگ بند کرنے میں فیلڈ مارشل نے اہم کردار ادا کیا، پیٹرولیم اسمگلنگ بند ہونے سے سالانہ 12ارب روپے ریونیو آرہا ہے، فیلڈ مارشل کا ساتھ نہ ہوتا تو کئی ایشوز ایسے تھے جو حل نہ ہوتے، ایسا اتحاد رہا تو بھارت کو دورے پڑیں گے پاکستان اتنا مضبوط ملک بن چکا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کنزیومر کا ٹیکس جیب میں ڈالنے سے کوئی جرم نہیں ہوسکتا، سب سے پہلے شوگر ملز پر ہاتھ ڈالا، اضافی50ارب اکٹھے کیے، اربوں روپے کے خسارے اب ختم ہورہے ہیں، خسارے میں چلنے والے کئی ادارے بند کردیے گئے، یوٹیلیٹی اسٹورز بھی بند کیے، بہت کرپشن ہوتی تھی، پاسکو میں بھی کرپشن تھی ، اس کو بھی بند کردیا گیا۔ وزیر اعظم نے انڈسٹری کیلئے بجلی ٹیرف میں 4روپے 4پیسے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا بس چلے تو 10روپے مزید کم کردوں لیکن ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











