جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے حملے ناکام، 108 دہشت گرد ہلاک، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن جاری

31 جنوری, 2026 13:27

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 108 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر حملوں کی کوشش کی، تاہم بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔ ان جھڑپوں میں ابتدائی طور پر 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ بعد ازاں مختلف مقامات پر کی گئی فالو اپ کارروائیوں میں یہ تعداد بڑھتی رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پنجگور اور دیگر علاقوں میں ہونے والی کارروائیوں میں 41 دہشت گرد مارے گئے تھے، جس کے بعد تازہ آپریشنز میں مزید ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی اور مجموعی تعداد 108 تک پہنچ گئی۔

ان کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 اہلکار جان کی بازی ہار گئے، جنہیں دورانِ ڈیوٹی شہادت کا درجہ حاصل ہوا۔ سیکیورٹی اداروں نے ان کی قربانی کو امن و امان کے قیام کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

ادھر گوادر میں دہشت گردوں کی جانب سے ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا، جہاں خضدار سے تعلق رکھنے والے ایک بلوچ مزدور خاندان کے 11 افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ شہید ہونے والوں میں 5 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس واقعے میں ملوث تمام دہشت گردوں کو بعد ازاں ہلاک کر دیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید تعاقبی کارروائیاں اور فضائی نگرانی جاری ہے، جبکہ گرد و نواح میں ممکنہ ٹھکانوں کے خلاف بھی سرچ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق جاری کارروائیوں کے نتیجے میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، تاہم کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی ادارے بدستور ہائی الرٹ پر ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔