جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ غیر متزلزل حمایت، ملک بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

05 فروری, 2026 09:37

کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان سے غیر متزلزل یکجہتی کے اظہار کے لیے آج ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں ریلیاں، سیمینارز اور خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی آج منعقد ہوگا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف مظفرآباد کا دورہ کریں گے اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں گے۔

صدر اور وزیراعظم کے پیغامات

یومِ یکجہتی کشمیر پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دینا ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

افواجِ پاکستان کا اظہارِ یکجہتی

افواجِ پاکستان نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ائیر چیف نے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور غیر قانونی گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔ بھارت کی جانب سے کشمیر کے آبادیاتی اور سیاسی تشخص کو تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں، اور عالمی برادری کو کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔