اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی اسلام آباد دھماکے کی مذمت، ذمہ داران کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ترجمان کے ذریعے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
بیان میں زور دیا گیا کہ اس حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ سیکریٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس موقع پر دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کے ساتھ اقوام متحدہ کی مکمل یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کے رابطہ کار مو یحییٰ نے بھی اس حملے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ امام بارگاہ میں ہونے والے اس ہولناک حملے سے شدید دکھی ہیں، جہاں لوگ جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے لیے جمع تھے۔
مو یحییٰ نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بے معنی تشدد کے خلاف سب کو متحد ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی امام بارگاہ مسجد خدیجہ الکبریٰ میں گزشتہ روز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں 32 نمازی شہید ہو گئے تھے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










