پیر، 9-فروری،2026
پیر 1447/08/21هـ (09-02-2026م)

بھارت کی پروپیگنڈا مشینری بے نقاب، بھاری وسائل پاکستان کیخلاف بیانیے پر خرچ کردیئے

09 فروری, 2026 15:49

بھارت کی مبینہ پروپیگنڈا حکمتِ عملی سے متعلق سنسنی خیز دعوے منظرِ عام پر آئے ہیں، جن میں کہا جا رہا ہے کہ بھارتی وزارتِ دفاع کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (ڈی پی آر) کے ذریعے دنیا بھر میں گمراہ کن بیانیے پھیلانے پر بھاری وسائل خرچ کیے جا رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے اور منظم غلط معلوماتی مہمات چلانے کے لیے بھارت نے مخصوص ڈیجیٹل وار رومز قائم کر رکھے ہیں، جہاں سے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر مربوط مہمات چلائی جاتی ہیں۔

ان دعوؤں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جہاں ایک طرف بھارت کی بڑی آبادی غربت اور بنیادی مسائل کا شکار ہے، وہیں دوسری جانب دفاعی بجٹ کا قابلِ ذکر حصہ مبینہ طور پر بیرونی محاذ پر پروپیگنڈا سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ صورتِ حال بھارتی حکومت کی ترجیحات پر سوالات کھڑے کرتی ہے۔

مزید یہ کہ بعض بھارتی دفاعی تھنک ٹینکس، جو بظاہر پالیسی سازی کے ادارے سمجھے جاتے ہیں، مبینہ طور پر پاکستان کے خلاف بیانیہ سازی اور حکمتِ عملی ترتیب دینے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ڈی پی آر کے ذریعے گھڑی ہوئی کہانیاں اور مواد بین الاقوامی میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک پہنچایا جاتا ہے تاکہ بھارتی فوج سے متعلق منفی خبروں یا الزامات سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ بھارت کا سائبر اور میڈیا وِنگ ہمسایہ ممالک، خصوصاً پاکستان، میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور اس مقصد کے لیے منظم ابلاغی حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے۔

اسی تناظر میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بھارتی سفارت خانے اور علاقائی دفاتر محض سفارتی مراکز نہیں رہے بلکہ انہیں معلوماتی و ابلاغی مہمات کے مراکز کی صورت دے دی گئی ہے، جہاں سے حقائق کو مسخ کر کے پیش کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ میڈیا آؤٹ ریچ کے عنوان سے لاکھوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں، جن کا اصل مقصد عالمی توجہ کو بھارت کے داخلی مسائل اور اندرونی انتشار سے ہٹانا بتایا جاتا ہے۔

 

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔