منگل، 10-فروری،2026
منگل 1447/08/22هـ (10-02-2026م)

سعودی عرب میں دفاعی نمائش، پاک فضائیہ کی جدید فضائی طاقت توجہ کا مرکز

10 فروری, 2026 12:46

اسلام آباد : پاک فضائیہ کا دستہ سعودی عرب میں منعقد ہونے والے ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شریک ہے، جہاں پاک فضائیہ کے جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری ملٹی رول فائٹر طیارے اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ سپر مشاق تربیتی طیارے کی نمائش کی جا رہی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ورلڈ ڈیفنس شو دفاع اور سلامتی کے شعبے میں ایک ممتاز عالمی پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں دنیا بھر سے دفاعی ادارے، عسکری ماہرین، پالیسی ساز اور دفاعی صنعت سے وابستہ نمایاں شخصیات شرکت کرتی ہیں۔ اس عالمی نمائش میں پاک فضائیہ کی موجودگی نے ایرواسپیس جدت، آپریشنل قابلیت اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیتوں کے ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر پاکستان کی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔

ڈیفنس شو میں شرکت پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی مقامی ایرواسپیس صنعت اور پاک فضائیہ کی آزمودہ عملی صلاحیتوں کی عکاس ہے۔ پاک فضائیہ نے نہ صرف جدید جنگی ہوابازی میں نمایاں پیش رفت کی ہے، بلکہ تربیتی اور تکنیکی میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

جے ایف-17 بلاک تھری پاکستان کی عسکری ہوابازی ٹیکنالوجی کا اعلیٰ ترین مظہر تصور کیا جاتا ہے۔ یہ طیارہ جدید ایویانکس، اے ای ایس اے ریڈار، مؤثر الیکٹرانک وارفیئر سسٹم اور بی وی آر (BVR) میزائل جیسی جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس ہے، جو اسے جدید فضائی افواج کی آپریشنل ضروریات کے مطابق ایک طاقتور 4.5 جنریشن فائٹر جیٹ بناتی ہیں۔

یہ طیارہ نہ صرف فضائی برتری بلکہ ملٹی رول آپریشنز کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے، جو اسے عالمی دفاعی مارکیٹ میں ایک مؤثر اور قابلِ توجہ پلیٹ فارم بناتا ہے۔

سپر مشاق تربیتی طیارہ پائلٹ ٹریننگ کے شعبے میں پاکستان کی مضبوط صلاحیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ اپنی قابلِ اعتماد کارکردگی، کم لاگت اور آسان دیکھ بھال کے باعث سپر مشاق کو متعدد دوست ممالک اپنی فضائی افواج میں شامل کر چکے ہیں۔ یہ طیارہ دنیا بھر میں بنیادی پرواز کی تربیت کے لیے ایک معیاری اور مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔

ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پاک فضائیہ کی شرکت پی اے ایف کی قیادت کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت دفاعی تعاون، دفاعی برآمدات کے فروغ اور دوست ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

اس عالمی پلیٹ فارم کے ذریعے بین الاقوامی وفود، دفاعی حکام اور عسکری صنعت کے رہنما پاک فضائیہ کے ساتھ روابط، تعاون، تربیت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے امکانات پر مؤثر تبادلۂ خیال کر سکیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔