جمعہ، 27-مارچ،2026
جمعرات 1447/10/07هـ (26-03-2026م)

پاک افغان سرحد کی بندش: عالمی جریدے نے پاکستان کے فیصلے کو درست قرار دے دیا

11 فروری, 2026 10:14

پاک افغان سرحد کی بندش کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر تائید حاصل ہونا شروع ہو گئی ہے اور بین الاقوامی حلقوں میں اس فیصلے کو سیکیورٹی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

عالمی جریدے یوریشیا ریویو نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی جانب سے افغان سرحدی راستوں کی بندش کو ایک جائز اور مؤثر حکمت عملی قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کیلئے افغانستان کے ساتھ سرحدی انتظام محض کسٹمز یا تجارت کا معاملہ نہیں بلکہ قومی بقا اور سلامتی کا مسئلہ بن چکا ہے۔

جریدے نے نشاندہی کی ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔ ایسے حالات میں پاکستان کی جانب سے سرحدی راستوں کو بند کرنا اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے ایک ناگزیر قدم تھا۔

یوریشیا ریویو کے مطابق پاکستان کا مؤقف یہ ہے کہ کابل کے ساتھ تعلقات کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشتگردی کا مسئلہ ہے۔ عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کو یہ واضح فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشتگرد عناصر کو پناہ دیتے رہیں گے یا خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر امن اور ترقی کے مشترکہ سفر کا حصہ بنیں گے۔

ماہرین کے مطابق افغان سرزمین سے ہونے والی دراندازی اور دہشتگردی کی سرگرمیوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ ایران اور تاجکستان کی سلامتی اور استحکام کو بھی متاثر کیا ہے۔

بین الاقوامی تجزیوں میں اس امر پر زور دیا جا رہا ہے کہ سرحدی نظم و نسق کو سیکیورٹی کے تناظر میں دیکھنا موجودہ حالات میں پاکستان کیلئے ایک ناگزیر ضرورت بن چکا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔