جمعرات، 12-فروری،2026
جمعرات 1447/08/24هـ (12-02-2026م)

میری دائیں آنکھ کی بینائی 85 فیصد تک ختم ہوچکی ہے؛ بانی پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ میں پیش رپورٹ میں انکشاف

12 فروری, 2026 15:38

اسلام آباد: اڈیالا جیل میں قید بانی پاکستان تحریکِ انصاف سے متعلق دستیاب سہولیات کی رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔ جس کے مطابق عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد تک محدود رہ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا طبی معائنہ ذاتی ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف سے کرایا جائے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی مستند ماہر ڈاکٹر سے معائنہ کرایا جانا بھی قابل قبول ہوگا۔

انہوں نے قیدِ تنہائی اور ٹی وی تک رسائی نہ ہونے کے باعث کتابیں فراہم کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان نے اپنی حفاظت اور سکیورٹی کے حوالے سے کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے زیرِ استعمال کمپاؤنڈ میں نگرانی کے لیے تقریباً 10 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔

اگرچہ ایک کیمرے کی کوریج غسل خانے کے حصے تک ہے، تاہم سیل یا کمرے کے اندر کوئی کیمرہ نصب نہیں ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان روزانہ تقریباً 9:45 بجے ناشتہ کرتے ہیں۔ صبح 11:30 بجے سے لگ بھگ ایک گھنٹے تک قرآنِ مجید کی تلاوت کرتے ہیں۔

اس کے بعد وہ دستیاب محدود آلات سے ورزش کرتے ہیں۔ دوپہر 1:15 بجے غسل کے بعد انہیں محفوظ کمپاؤنڈ میں چہل قدمی کی اجازت دی جاتی ہے، جہاں وہ بیٹھ بھی سکتے ہیں اور واک بھی کرتے ہیں۔

ان کا دوپہر کا کھانا عموماً 3:30 سے 4:00 بجے کے درمیان ہوتا ہے۔ شام 5:30 بجے سے اگلی صبح 10:00 بجے تک وہ اپنے سیل میں مقید رہتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سیل بلاک کے کچن میں برتن، کراکری اور کھانا پکانے کا سامان موجود ہے۔ زیادہ تر اشیائے خورونوش بند ڈبوں اور مرتبانوں میں محفوظ تھیں، جن میں مصالحہ جات اور خشک میوہ جات شامل تھے۔

ناشتے میں عمران خان ایک کپ کافی، دلیہ اور چند کھجوریں استعمال کرتے ہیں۔ دوپہر کے کھانے کی منصوبہ بندی ہفتہ وار کی جاتی ہے، جس کے اخراجات ان کا خاندان برداشت کرتا ہے۔

کھانے میں دو دن مرغی، دو دن گوشت، دو دن دال یا بعض اوقات چاٹ اور اسنیکس شامل ہوتے ہیں۔ انہیں نجی کمپنی کا بوتل بند پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیل کے اندر تین ہائی وولٹیج بلب، ایک چھت والا پنکھا اور ایک بلوور ہیٹر موجود ہے۔ سیل میں دو میزیں، ایک دیواری گھڑی، ایک چارپائی، ایک کرسی اور ایک چھوٹا ریک رکھا گیا ہے۔

سیل میں 32 انچ کا ٹی وی دیوار پر نصب ہے، تاہم چیک کرنے پر وہ خراب پایا گیا۔ کوئی الماری موجود نہیں، کپڑے پانچ ہینگرز پر لٹکائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان نے بتایا کہ اکتوبر 2025 تک ان کی دونوں آنکھوں کی بینائی مکمل طور پر درست تھی۔ بعد ازاں دائیں آنکھ میں دھندلاہٹ شروع ہوئی۔

انہوں نے متعدد بار جیل حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا، تاہم کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ بعد میں اچانک دائیں آنکھ کی بینائی مکمل ختم ہو گئی۔

اس کے بعد پمز اسپتال کے ماہر امراضِ چشم ڈاکٹر محمد عارف کو معائنے کے لیے بلایا گیا۔ عمران خان کے مطابق ان کی آنکھ میں خون کا لوتھڑا بن گیا تھا۔

علاج اور انجیکشن کے باوجود اب ان کی دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد تک محدود رہ گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔