جمعرات، 12-فروری،2026
جمعرات 1447/08/24هـ (12-02-2026م)

وزیراعظم شہباز شریف امریکہ میں ’بورڈ آف پیس‘ کے اجلاس میں شرکت کریں گے: دفتر خارجہ

12 فروری, 2026 15:29

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف بین الاقوامی ثالثی عدالت میں قانونی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ تاہم بھارت نے اب تک اس کارروائی میں حاضری نہیں دی۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی معاہدہ ہے۔ پاکستان اپنے پانی کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کرے گا۔

بھارت میں اقلیتوں پر مظالم

ترجمان نے کہا کہ بھارت میں ریاستی سرپرستی میں ہجوم کے ہاتھوں قتل کے واقعات تشویشناک ہیں۔ مسلمانوں اور مسیحیوں پر بڑھتے ہوئے مظالم پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں افغانستان اور دہشتگرد گروہوں کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کی تصدیق ہوئی ہے۔ پاکستان دہشتگردی کے خلاف اقدامات کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

غزہ اور فلسطین پر پاکستان کا مؤقف

غزہ پیس بورڈ اجلاس سے متعلق ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں آٹھ مسلم ممالک کی مشترکہ آواز سنی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جس کی سرحدیں 1967 سے پہلے کی ہوں۔

بھارتی جارحیت اور سیکیورٹی معاملات

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بھارت کے کئی رافیل طیارے گرا چکا ہے۔ مستقبل میں بھی کسی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں داعش کے حملے کے معاملے پر انہوں نے بتایا کہ یہ مسئلہ عالمی سطح پر اٹھایا جا رہا ہے۔ داعش کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے۔

کھیل اور سیاست

کرکٹ سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ کھیل کو سیاست کا ہتھیار بنانا غلط ہے۔ پاکستان نے بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ میچ کھیلنے کا فیصلہ کھیل کے اصولوں کے مطابق کیا ہے۔

ایران اور امریکا مذاکرات

ترجمان نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسائل کے پرامن حل کے لیے بات چیت کے عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔