جمعہ، 13-فروری،2026
جمعہ 1447/08/25هـ (13-02-2026م)

جیفری ایپسٹین کی پاکستان میں سرگرمیوں نے کئی سوالات کو جنم دے دیا

13 فروری, 2026 13:38

بدنام زمانہ امریکی شخصیت جیفری ایپسٹین کے 2013 میں پاکستان کے دورے سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔

دستاویزی شواہد کے مطابق ایپسٹین نے پشاور اور اسلام آباد کا دورہ کیا اور قبائلی عمائدین، سرکاری حکام اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد سے ملاقاتیں کیں۔

ایپسٹین کی جانب سے ایک ہارورڈ سے تعلیم یافتہ ماہرِ امراضِ مدافعت کو بھیجے گئے ای میل میں ان ملاقاتوں کی تفصیل بیان کی گئی جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ اس نے مقامی نام استعمال کیا اور پولیو کے موضوع کو گفتگو کا محور بنایا۔

ای میل میں اس نے پشاور کو دنیا کا جہادی دارالحکومت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مسلسل دھماکوں کے باعث انٹرنیٹ تک رسائی ممکن نہ تھی اور ہوٹل ماضی میں خودکش حملوں کا نشانہ بھی بن چکا تھا۔

ایپسٹین کے مطابق وہ مسلسل قبائلی علاقوں کے نمائندوں سے ملاقاتوں میں مصروف رہا، جس کے دوران سات قبائلی ایجنسیوں کے نمائندوں سے بات چیت کی۔

اس نے لکھا کہ ہوٹلوں میں موجود پاکستانی سکیورٹی اہلکار اس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے لیکن اس کا مقامی نام اور پولیو کا موضوع ان کے شکوک کم کرنے کا باعث بنا۔

ایپسٹین نے دعویٰ کیا کہ اس کے مقامی رابطہ کار نے ملاقاتوں کا عمدہ انتظام کیا اور اسے فاٹا کے سیکریٹری صحت اور خیبر پختونخوا کے سیکریٹری صحت سے بھی ملاقات کا موقع ملا۔

ای میل کے مطابق اس نے ایک سینئر طالبان شخصیت سے بھی موبائل فون پر پولیو سے متعلق گفتگو کی، جس میں بتایا گیا کہ مذہبی بنیادوں پر پولیو مہم کی مخالفت بہت کم ہے جبکہ اصل مسئلہ دباؤ کی سیاست اور مالی مفادات ہیں۔

ایپسٹین نے یہ بھی لکھا کہ حکومت متحدہ عرب امارات کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے والی ہے جس کے تحت تین سال تک پولیو مہم کے اخراجات مکمل طور پر پورے کیے جائیں گے۔

اس نے اسلام آباد پہنچ کر مزید ملاقاتوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اسے حکومتی حکام اور قبائلی نمائندوں سے نہایت تفصیلی معلومات حاصل ہوئیں۔

ان تفصیلات کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا یہ دورہ واقعی پولیو مہم کے حوالے سے تھا یا اس کے پسِ پردہ کوئی اور مقاصد کارفرما تھے۔

ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی ملاقاتیں اور حساس قبائلی علاقوں میں سرگرمیاں کسی بھی غیر ملکی شخصیت کے حوالے سے شکوک پیدا کرتی ہیں، خاص طور پر جب وہ مقامی نام استعمال کرنے کا اعتراف بھی کرے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔