ہفتہ، 14-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/26هـ (14-02-2026م)

اپنی زمین اپنا گھر پروگرام میں درخواست دینے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

14 فروری, 2026 11:06

پنجاب حکومت کی جانب سے "اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام کے تحت 2 ہزار مفت پلاٹس کی قرعہ اندازی کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے۔ یہ اسکیم خاص طور پر مستحق اور بے گھر خاندانوں کے لیے بنائی گئی ہے تاکہ وہ بغیر کسی فیس کے اپنی زمین اور گھر کے مالک بن سکیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔ پہلے مرحلے میں جہلم (730 پلاٹس)، قصور (388 پلاٹس)، فیصل آباد، لودھراں، اوکاڑہ اور دیگر اضلاع کے خوش نصیب افراد کے پلاٹس کے نمبر، سائز اور بلاک کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ قرعہ اندازی میں زیادہ تر ریڑھی بان، دکاندار، مکینک اور دیہاڑی دار افراد کے نام نکلے۔

بلال یاسین نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود خوش نصیب افراد کو باقاعدہ الاٹمنٹ لیٹرز فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف پلاٹ ہی نہیں بلکہ حکومت پنجاب پلاٹ حاصل کرنے والے خاندانوں کو گھر کی تعمیر میں بھی مالی معاونت فراہم کرے گی۔ اس پروگرام کے تحت افراد بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے اور قرض کی واپسی آسان ماہانہ اقساط میں کی جا سکے گی تاکہ کم آمدنی والے طبقے پر بوجھ نہ پڑے۔

وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ یہ پلاٹس مکمل طور پر مفت ہیں اور کسی قسم کی پوشیدہ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ اس اقدام کے ذریعے پنجاب حکومت عملی طور پر غریب اور مستحق خاندانوں کو ان کی اپنی چھت دینے میں مدد کر رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔