فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے کردار سے مطمئن ہیں: حماس ترجمان

فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے کردار سے مطمئن ہیں: حماس ترجمان
کراچی: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا ہے کہ فلسطین اور غزہ کے معاملے پر پاکستان کے کردار سے وہ مطمئن ہیں اور حکومتِ پاکستان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ڈاکٹر خالد قدومی نے جمعہ کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے ذریعے نسل کشی روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم غزہ امن بورڈ اور دیگر اداروں کے عملی کردار کے حوالے سے اب تک کوئی واضح حکمتِ عملی سامنے نہیں آ سکی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور روزانہ غزہ میں معصوم فلسطینیوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کو چاہیے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
ڈاکٹر خالد قدومی نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں غزہ سے متعلق انتہائی خوفناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق غزہ میں ایسے امریکی بم استعمال ہوئے جو 3500 سینٹی گریڈ تک حرارت پیدا کرتے ہیں، جس کے باعث ہزاروں لاشیں مکمل طور پر تحلیل ہو گئیں۔ ان کے مطابق شہدا کی تعداد دو لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں امدادی صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔ معاہدے کے مطابق روزانہ 600 امدادی ٹرکوں کی اجازت ہونی چاہیے، مگر صرف 50 ٹرک داخل ہونے دیے جا رہے ہیں۔ غزہ میں بچوں کے لیے دودھ، صاف پانی، ادویات، سرجیکل آلات اور اسپتالوں کی بحالی کی اشد ضرورت ہے۔
حماس ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی ٹیکنوکریٹس کی کمیٹی غزہ کی تعمیرِ نو اور انتخابات کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے، مگر اسرائیل اس کمیٹی کو غزہ میں داخل ہونے سے روک رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام ہر قربانی دینے کو تیار ہیں لیکن کبھی اپنا وطن غزہ نہیں چھوڑیں گے۔
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکرٹری اسلم خان نے فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا صحافتی طبقہ ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں کی آواز بنتا رہے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










