بھارت کے 900 پائلٹس لاپتہ ہیں، بھرتی کیلئے بھی کوئی تیار نہیں : سیکورٹی تجزیہ کار

بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا ہے کہ کہ بھارت کے تقریباً 900 پائلٹس لاپتہ ہیں اور نئی بھرتیاں بھی سامنے نہیں آ رہیں کیونکہ وہ پاک فضائیہ سے خوفزدہ ہیں۔ ان کے مطابق یہ صورتحال دونوں ممالک کی فضائی قوت کے درمیان فرق کو واضح کرتی ہے۔
دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے پاکستان ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ بھارتی پائلٹس نے باقاعدہ تربیت حاصل کی، جن میں فلائنگ ٹریننگ، سمیولیٹر ٹریننگ، عملی مشقیں اور ایئر ٹو ایئر کومبیٹ ٹریننگ شامل تھیں، لیکن نتائج میدانِ عمل میں مختلف نظر آتے ہیں۔ تربیت کے باوجود اگر حوصلہ، عزم اور جنگی جذبہ موجود نہ ہو تو ٹیکنالوجی اور کورسز بے معنی ہو جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی پائلٹس میں لڑنے کی خواہش اور حوصلہ کمزور ہے، جس کی وجہ سے نئی بھرتیوں میں بھی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ یہ نفسیاتی فرق ہی اصل مسئلہ ہے، جو کسی بھی فضائی قوت کی کارکردگی پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔
دفاعی تجزیہ کار نے کہا کہ پاکستان معیار پر توجہ دیتا ہے۔ پاک فضائیہ کے پاس جدید چینگدو جے 10 طیارے موجود ہیں اور مستقبل میں چین سے مزید جدید ورژنز بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں، جن میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل، جدید الیکٹرانکس اور سائبر وارفیئر کی صلاحیتیں شامل ہوں گی۔ پاکستان پہلے ہی عملی طور پر فرق دکھا چکا ہے۔
حارث نواز نے ملٹی ڈومین آپریشنز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جدید جنگ صرف فضاء تک محدود نہیں رہی بلکہ بری، بحری، فضائی، سائبر اور الیکٹرانک محاذ ایک ساتھ مربوط انداز میں کام کرتے ہیں۔ پاکستان نے کمانڈ اینڈ کنٹرول کے نظام کو مؤثر بنا کر تینوں مسلح افواج کے درمیان فوری اور مربوط فیصلوں کی صلاحیت پیدا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے دفتر کی فعالیت اور متحدہ کمانڈ اسٹرکچر کے تحت بری، بحری، فضائی اور سائبر فورسز ایک پلیٹ فارم پر آ کر فیصلے کرتی ہیں، جس سے ردِعمل کی رفتار اور مؤثریت میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہی بنیادی فرق ہے جو جدید جنگی حکمتِ عملی میں پاکستان کو برتری دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں صرف تعداد نہیں بلکہ ٹیکنالوجی، ہم آہنگی اور فیصلہ سازی کی رفتار اہم ہے۔ پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کے تصور کو عملی شکل دے کر ایک نئی جہت متعارف کرائی ہے، جس میں تمام دفاعی شعبے مل کر ایک متحد قوت بن جاتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










