پیر، 16-فروری،2026
پیر 1447/08/28هـ (16-02-2026م)

سحر سے افطار تک نور ہی نور، روحانیت، علم اور ذائقے کا حسین امتزاج، عرفانِ رمضان آرہا ہے

16 فروری, 2026 16:38

رواں برس جی ٹی وی نے اپنی سابقہ روایات سے ہٹ کر رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کے لیے معروف نعت خواں اور صوفیانہ کلام کے مقبول ثناء خواں فرحان علی وارث کو افطار نشریات کی میزبانی سونپ دی ہے، جو اپنے منفرد اور دلنشین انداز میں میزبانی کریں گے اور ناظرین کو ایک روح پرور ماحول فراہم کریں گے۔

جی ٹی وی کی اس خصوصی رمضان نشریات کو ’’عرفانِ رمضان‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ او ایس ٹی بھی ریکارڈ کیا جا چکا ہے، جو خود فرحان علی وارث کی آواز میں ریکارڈ ہوا ہے اور جلد ناظرین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس خصوصی براہِ راست نشریات کا آغاز روزانہ دوپہر دو بجے ہوگا، جہاں سے سحر و افطار تک روحانی سفر کا آغاز کیا جائے گا۔

’’عرفانِ رمضان‘‘ میں پاکستان کی اہم شخصیات، شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف فنکار، سماجی کارکن اور دیگر نمایاں افراد مہمان کے طور پر شریک ہوں گے۔ مختلف ایام میں روحانی فضاء کو مزید گہرا کرنے کے لیے صوفیانہ کلام پر مبنی خصوصی قوالی بھی پیش کی جائے گی تاکہ ناظرین کے دلوں میں عقیدت اور محبت کی کیفیت بیدار ہو۔

پروگرام میں نوجوانوں کے خصوصی طور پر تقریری مقابلہ منعقد ہوگا، جسے ’’اندازِ بیان‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جہاں باصلاحیت نوجوان اپنے خیالات اور صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔ اس کے ساتھ شعر و شاعری سے محبت رکھنے والوں کے لیے بیت بازی کا مقابلہ بھی رکھا گیا ہے تاکہ علمی و ادبی ذوق کو فروغ دیا جا سکے۔

چھوٹے بچوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ ان کے لیے کہانیوں پر مشتمل ایک خصوصی سلسلہ شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد کم عمر ناظرین کو دینی اور اخلاقی سبق دینا ہے تاکہ ہر عمر کا فرد اس رمضان نشریات سے بھرپور لطف اندوز ہو سکے۔

رمضان المبارک کی تیاریوں میں کھانوں کا شعبہ بھی اہمیت رکھتا ہے، اسی لیے ملک کے معروف شیف گلزار حسین روزانہ شام چار بجے خصوصی کھانا پکانے کا سلسلہ پیش کریں گے۔ وہ خواتین کے لیے آسان اور مزیدار پکوان تیار کر کے ان کی مکمل تراکیب بتائیں گے، جبکہ افطار اور سحری سے متعلق مفید مشورے اور گھریلو ٹوٹکے بھی ناظرین کے ساتھ شیئر کریں گے۔

’’عرفانِ رمضان‘‘ میں علمائے کرام کا خصوصی سلسلہ بھی شامل ہے جسے “الف لام میم” کا نام دیا گیا ہے اور یہ روزانہ شام پانچ بجے نشر کیا جائے گا۔ اس نشست میں ملک بھر سے جید اور ممتاز علمائے کرام شریک ہوں گے، جن میں قاری خلیل الرحمن جاوید، مفتی حنیف قریشی، علامہ محمد امین شہیدی، علامہ شبیر میسمی، مفتی ابو بکر معیدالدین، مفتی خورشید احمد رشید اور علامہ شاہ حسین گردیزی سمیت دیگر مکاتبِ فکر کے علماء شامل ہوں گے۔ اس نشست میں علمی گفتگو، دینی رہنمائی اور اصلاحی بیانات پیش کیے جائیں گے تاکہ ناظرین کو رمضان المبارک کی اصل روح اور پیغام سے روشناس کرایا جا سکے۔

مزید برآں معروف نعت خواں زین سعیدی بھی ’’عرفانِ رمضان‘‘ کا حصہ ہوں گے اور یکم سے دس رمضان تک خصوصی طور پر نشریات میں شریک رہیں گے۔ وہ اپنی دلنشین آواز میں نعتیہ کلام پیش کریں گے، جس سے روحانیت کی فضاء مزید معطر ہو جائے گی۔

جی ٹی وی انتظامیہ کے ’’عرفانِ رمضان‘‘ کا مقصد ناظرین کو ایک ایسا روحانی ماحول فراہم کرنا ہے، جہاں عقیدت، علم، اصلاح، ذائقہ اور مثبت تفریح ایک ساتھ میسر ہو۔ یہ نشریات رمضان المبارک کی برکتوں اور پیغام کو جدید اور منفرد انداز میں اجاگر کرنے کی کوشش ہے تاکہ ہر گھر میں نور اور سکون کی کیفیت پیدا ہو سکے۔

پہلی رمضان کی پہلی سحری سے آخری افطار تک ناظرین کو ایک مکمل اور بامعنی رمضان تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ اس رمضان اپنے دل و روح کو تازگی دینے کے لیے ’’عرفانِ رمضان‘‘ کے ساتھ جڑیے اور روحانیت کے اس سفر کا حصہ بنیے۔

روزانہ دوپہر دو بجے صرف جی ٹی وی پر خصوصی افطار نشریات ’’عرفانِ رمضان‘‘ دیکھیے اور رمضان المبارک کی برکتوں کو اپنے گھر تک لے آئیے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔