اتوار، 1-مارچ،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

نادرا میں پیدائش، شادی، طلاق اور وفات کے اندراج کو جھنجھٹ سمجھنے والوں کیلئے بڑی خبر آگئی

19 فروری, 2026 09:28

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو اہم ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پیدائش، شادی، طلاق اور وفات جیسے واقعات کا اندراج بروقت کروائیں۔

 ادارے کے مطابق لوگ اکثر ان معاملات کو محض کاغذی کارروائی سمجھ کر ٹال دیتے ہیں۔ بعد میں یہی لاپرواہی بڑے مسائل بن جاتی ہے۔ بہت سے خاندانوں کو بچوں کا ب فارم بنوانے، شناختی کارڈ کے اجرا اور تعلیمی ریکارڈ کے اندراج میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

نادرا کا کہنا ہے کہ پیدائش کا اندراج نہ ہونے سے بچے کی قانونی شناخت متاثر ہوتی ہے۔ ایسے بچوں کو اسکول میں داخلے اور پاسپورٹ بنوانے میں بھی رکاوٹ آتی ہے۔ شادی کا اندراج نہ ہو تو زوجین کو سرکاری ریکارڈ میں میاں بیوی تسلیم نہیں کیا جاتا۔ اس سے وراثت، کفالت اور قانونی حقوق پر اثر پڑتا ہے۔ اسی طرح طلاق کا اندراج نہ ہونے سے خواتین کو عدالتی اور سرکاری امور میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔

وفات کا اندراج بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اگر کسی فرد کی وفات سرکاری ریکارڈ میں شامل نہ ہو تو اس کے ورثا کو جائیداد کی منتقلی، پنشن، بینک اکاؤنٹس اور دیگر قانونی معاملات میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کئی کیسز میں سالوں بعد دستاویزات درست کروانا پڑتی ہیں۔ اس عمل میں وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہوتے ہیں۔

نادرا نے بتایا کہ اندراج کا طریقہ اب پہلے سے زیادہ آسان کر دیا گیا ہے۔ شہری متعلقہ یونین کونسل یا نادرا دفتر سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔ ضروری دستاویزات کے ساتھ درخواست دی جائے تو ریکارڈ بروقت مکمل ہو جاتا ہے۔ ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی اہم واقعے کو نظر انداز نہ کریں۔ بروقت اندراج اپنے اور اپنے خاندان کے حقوق کو محفوظ بنانے کا آسان راستہ ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔