اتوار، 1-مارچ،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

غزہ پیس بورڈ : فیصلہ سازی کی میز پر پاکستان کی شمولیت ناگزیر قرار

19 فروری, 2026 15:44

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ زمینی حقائق اور فلسطینی مفادات کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے اقدامات نتائج کے حصول میں درست سمت میں رہنمائی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان مشترکہ مؤقف کے ساتھ ترکیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، قطر اور انڈونیشیا کے ہمراہ ان تمام یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے، جو مقبوضہ علاقوں کی حیثیت میں تبدیلی کا سبب بن سکتے ہیں۔ اور اسی تناظر میں پاکستان دیگر بڑے مسلم ممالک کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے فلسطینی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی سطح پر فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ زمینی حقائق اور عالمی طاقت کے ڈھانچے کو دیکھتے ہوئے غزہ پیس پلان کو ایک ایسے متبادل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو جاری نسل کشی کے خاتمے اور مجموعی صورتحال کے تدارک کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ امریکی صدر کی ذاتی شمولیت اور وائٹ ہاؤس کی قیادت میں کسی جامع سفارتی اقدام کو اس مقصد کے لیے واحد قابلِ عمل راستہ تصور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران مذاکرات اور غزہ بحران، برطانوی و امریکی قیادت میں تبادلہ خیال

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو بین الاقوامی برادری، مسلم بلاک، پی ایل اے، حماس اور فلسطینی حلقوں سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کی بڑی حد تک تائید حاصل رہی ہے، اسی لیے پاکستان کے اقدامات مطلوبہ حتمی نتائج کے حصول کے تناظر میں درست سمت میں رہنمائی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

ذرائع نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ اگر پاکستان فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ نہ بنے تو اس کا کردار محدود ہو جاتا ہے، اس لیے جب بڑے مسلم ممالک کسی عمل کی حمایت کر رہے ہوں اور کسی مسلم ملک کی جانب سے اس کی مخالفت نہ کی گئی ہو تو پاکستان کے لیے اس سفارتی عمل میں شمولیت ناگزیر ہو جاتی ہے، خصوصاً اس صورت میں جب پاکستان کا فلسطین کے مسئلے پر واضح، دوٹوک اور فلسطین نواز مؤقف عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہو۔

مزید کہا گیا کہ فلسطینی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پاکستان کو ان سفارتی ڈھانچوں اور عملی اقدامات کا حصہ بننا ہوگا جو زمینی سطح پر صورتحال کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ محض عوامی بیانات یا داخلی حلقوں میں ہونے والی بحث فلسطینیوں کو درپیش عملی مشکلات کا حقیقی ازالہ نہیں کر سکتی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔