غزہ امن بورڈ : شہباز شریف کا آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دیرپا امن کے قیام کے لیے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند ہونی چاہئیں۔
واشنگٹن میں غزہ کی تعمیر نو کے حوالے سے منعقدہ امن بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر مکمل حق دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اس اہم اجلاس میں شرکت ان کے لیے باعث افتخار ہے اور غزہ میں پائیدار امن کا حصول سب کا مشترکہ مشن ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیر نو کے عمل سے قبل انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ناگزیر ہے، کیونکہ امن کے بغیر ترقی اور بحالی ممکن نہیں۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں تنازعات کے حل کے لیے قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران صدر ٹرمپ کی بروقت اور مؤثر مداخلت سے جنگ بندی ممکن ہوئی اور جنوبی ایشیا کو بڑی تباہی سے بچایا گیا۔ لاکھوں جانیں محفوظ ہوئیں اور خطہ ایک سنگین بحران سے نکل آیا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کا امن بورڈ کے پہلے اجلاس میں غزہ کیلئے اربوں ڈالر امداد اور عالمی فورس کا اعلان
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام طویل عرصے سے غیر قانونی قبضے اور بے پناہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں حقیقی اور پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب فلسطینیوں کو ان کے بنیادی حقوق دیے جائیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزاد اور خود مختار ریاست کا قیام عمل میں آئے۔ یہی قدم خطے میں استحکام کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل سے مشروط ہے اور سعودی عرب ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان نے غزہ کی بحالی اور تعمیر نو میں عملی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان نے کہا کہ مسئلے کے پرامن حل کے ساتھ یکطرفہ اقدامات کی روک تھام ضروری ہے۔ ان کے مطابق غزہ میں بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں وسیع پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ متاثرہ آبادی کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے صرف تعمیر نو کافی نہیں بلکہ انصاف پر مبنی سیاسی حل بھی ناگزیر ہے، تاکہ فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق مل سکے اور آنے والی نسلوں کے لیے امن کی راہ ہموار ہو۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












