ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

مستحقین افراد کیلئے رمضان نگہبان کارڈ کے بعد مریم نواز نے ایک اور بڑی خوشخبری سنادی

21 فروری, 2026 11:43

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان نگہبان کارڈ جاری کرنے کے بعد ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے موقع پر صوبے بھر میں رمضان نگہبان کارڈ جاری کرنے کے بعد ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ اس کے تحت مختلف شہروں میں رمضان نگہبان دسترخوان سجائے گئے، جہاں لاکھوں روزہ داروں کو افطار کی سہولت فراہم کی گئی۔ یہ اقدام مخیر حضرات اور مختلف اداروں کے تعاون سے کیا گیا تاکہ ہر ضرورت مند تک کھانے کی فراہمی ممکن ہو۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک احساس اور اخوت کا مہینہ ہے۔ ہر ضرورت مند کی کفالت اور خدمت سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نگہبان دسترخوان اسی جذبے کی عملی شکل ہیں، جہاں ہر روزہ دار کا احترام اور خیرمقدم کیا گیا۔

حکومتی سرپرستی اور مخیر حضرات کے تعاون سے پنجاب بھر میں 300 سے زائد نگہبان دسترخوان قائم کیے گئے۔ ان دسترخوانوں پر قورمہ، بریانی، روح افزا، پکوڑے، سموسے اور دیگر کھانے کے لوازمات فراہم کیے گئے۔

لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں پہلے روز بڑی تعداد میں شہریوں نے افطار کیا۔ راولپنڈی، بہاولنگر اور بہاولپور میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ چنیوٹ، ڈی جی خان، گجرات اور جھنگ میں بھی افطار کا اہتمام کیا گیا۔

اٹک، جہلم، قصور اور خانیوال میں بھی ہزاروں روزہ داروں نے اجتماعی افطار کی۔ کوٹ ادو، لیہ اور منڈی بہاؤالدین میں بھرپور انتظامات کیے گئے۔ مری، مظفرگڑھ، اوکاڑہ اور نارووال میں اعلیٰ افسران نے بھی افطار میں شرکت کی۔

پاکپتن، راجن پور، رحیم یار خان اور ساہیوال میں بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے نگہبان دسترخوان پر افطار کیا۔ وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، بھلوال اور سرگودھا میں بھی روزہ داروں کا رش دیکھا گیا۔

لاہور کے مختلف مقامات پر بھی مخیر حضرات اور اداروں کے تعاون سے افطار کی سہولت فراہم کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ضرورت مندوں کی خدمت اصل عبادت ہے۔ حکومت اس سلسلے کو آئندہ بھی جاری رکھے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔