ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

مزاحیہ شاعری کا منفرد لہجہ خاموش، سید سلمان گیلانی چل بسے

22 فروری, 2026 11:20

معروف نعت گو اور مزاحیہ شاعر سید سلمان گیلانی لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور شیخ زید اسپتال لاہور میں زیرِ علاج تھے، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کی عمر چوہتر برس تھی۔

سید سلمان گیلانی انیس سو اکاون میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے زندگی بھر ادب، مذہب اور سماجی مسائل پر قلم اٹھایا اور اپنے منفرد انداز سے پہچان بنائی۔ ان کی معروف کتاب ’’میری باتیں ہیں یاد رکھنے کی‘‘ کو خاصی مقبولیت حاصل ہوئی، جس میں ان کی یادداشتیں اور مختلف واقعات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دہشت گردی پاکستان کی نئی معاشی حکمتِ عملی میں رکاوٹ ہے : امریکی میڈیا

وہ بلند پایہ شاعر، باکمال نعت خواں اور مزاحیہ انداز میں سماجی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے جانے جاتے تھے۔ طنزیہ کلام میں ان کا انداز جداگانہ تھا جس نے انہیں معاصر شعرا میں نمایاں مقام عطا کیا۔

اہلِ خانہ کے مطابق وہ دل اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کافی عرصے سے زیرِ علاج تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سے ادبی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ سید سلمان گیلانی کی نمازِ جنازہ اتوار کو دوپہر ڈیڑھ بجے جامعہ اشرفیہ لاہور میں ادا کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔