افغان مزاحمتی محاذ کی جانب سے پاکستان کو واخان کوریڈور کا کنٹرول سنبھالنے کی دعوت

افغانستان میں طالبان مخالف گروپ قومی مزاحمتی محاذ (نیشنل ریسسٹنٹ فرنٹ) نے پاکستان کو واخان کوریڈور کا کنٹرول سنبھالنے کی دعوت دے دی ہے۔
قومی مزاحمتی محاذ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان عوام کے نمائندے اور آئینی نظام کے محافظ ہونے کے ناطے حکومت پاکستان کو ایک باضابطہ اور اہم دعوت دی جاتی ہے، وہ واخان راہداری کا عارضی انتظامی کنٹرول سنبھال کر اسے ایک محفوظ بفر زون کے طور پر قائم کرے۔
محاذ کا موقف ہے کہ اس اقدام سے خطے میں استحکام آئے گا، سرحد پار سے ہونے والی بدامنی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا اور افغانستان کی تاریخ کے اس نازک موڑ پر عام شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے گا۔ مزاحمتی محاذ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اس تزویراتی علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
قومی مزاحمتی محاذ نے اپنے بیان میں پاکستان سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ اسے افغانستان کی جائز حکومت کے طور پر تسلیم کرے اور واخان راہداری کو محاذ کے عارضی قومی دارالحکومت کے طور پر نامزد کرنے کی حمایت کرے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا افغانستان پر حملوں سے قبل امریکہ و ایران سمیت دیگر ممالک سے سفارتی رابطہ
ان کا کہنا تھا کہ اس محفوظ زون سے وہ ریاستی اداروں کی تنظیم نو کرے گا، آئینی حکمرانی کو بحال کرے گا اور طالبان حکام کی جانب سے مسلط کردہ غیر قانونی دورِ حکومت کے خلاف ایک مضبوط دفاعی حصار قائم کرے گا۔
محاذ کے مطابق یہ اقدام افغانستان میں ایک متبادل اور جمہوری ڈھانچے کی بنیاد رکھنے کے لیے ناگزیر ہے جسے عالمی برادری کی حمایت درکار ہے۔
تنظیم نے کہا کہ افغانستان ایک نئے تعمیری علاقائی تعاون کے دور میں داخل ہونے کا عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ افغان سرزمین کے ذریعے پاکستان کو وسطی ایشیا تک براہ راست اور قابل اعتماد رسائی فراہم کرے گا تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ محاذ نے ایک تاریخی اعلان کرتے ہوئے ڈیورنڈ لائن کو دو خود مختار ریاستوں کے درمیان سرکاری بین الاقوامی سرحد کے طور پر باضابطہ تسلیم کرنے کا عہد کیا ہے۔
محاذ کا کہنا ہے کہ وہ علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر افغان سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے، قومی اداروں کی تعمیرِ نو اور افغانستان کو پورے خطے کے لیے معاشی مواقع اور استحکام کا مرکز بنانے کے لیے کام کرے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











